پولیس نے مریم نواز کا جلسہ روکنے کیلئے گرائونڈ سیل کردیا، 6 گرفتار‘ منڈی بہائوالدین ضرور جائوں گی:نائب صدر مسلم لیگ( ن)
منڈی بہائوالدین (نامہ نگار) مسلم لیگ ن کی مرکزی رہنما مریم نواز کے کل ہونے والے جلسہ کو اجازت نہ ملنے پر سٹیج اور کرسیاں سجانے پر پولیس نے قائداعظم گراونڈ پر چھاپہ مارا، اور 6 کام کرنے والے ٹینٹ سروس کے کارکنوں کو حراست میں لے لیا، پولیس نے ٹرک منگوا کر کرسیاں، ٹیبل، حفاظتی خاردار جنگلہ، کارپٹ اور دیگر سامان اٹھوا دیا اور گرائونڈ میں بھاری پولیس کی نفری تعینات کردی گئی، اور گرائونڈ کو سیل کر دیا گیا۔ دوسری جانب، مریم نواز کا جلسہ ہر صورت میں کریں گے یہ ہماری جمہوری حق ہے، مشاہد رضا امیدوار قومی اسمبلی کی میڈیاکے ساتھ گفتگو، میڈیاکے ساتھ ہونے والے ناروا رویہ کی شدیدمذمت کرتے ہیں۔ مریم نواز کی جانب سے 7 جولائی کو منڈی بہاوالدین سے حکومت مخالف تحریک کا آغاز کیلئے جلسہ کرنے کیلئے قائداعظم گراونڈ پر پولیس کا چھاپہ، جلسہ سکیورٹی خدشات کی بنا پر اس مقام پر نہیں ہوسکتا ڈپٹی کمشنر مہتاب وسیم نے حکم جاری کر دیا۔ڈپٹی کمشنر مہتاب وسیم نے بتایا کہ مسلم لیگ ن شہر سے باہر کسی بھی جگہ جلسہ کرے اسے سکیورٹی اور اجازت بھی دیں گے ، لیکن موجودہ صورتحال کے پیش نظر شہر میں جلسہ نہیں کرنے دیا جائے گا۔ مشاہد رضا نے کوریج کرنے والے صحافیوں کے ساتھ ناروا سلوک کی مذمت کی ہے۔ پولیس کی جانب سے جلسہ کا سامان اٹھانے کی کوریج کرنے والے صحافیوں کو دھکے دیئے گئے۔مریم نواز نے کہا جعلی حکو مت کو اصل خطرہ نواز شریف کے پیچھے کھڑی عوامی طاقت سے ہے، کل جلسہ کرنے منڈی بہائوالدین ضرور جائوں گی کارکنوں کی گرفتاریاں قابل مذمت ہیں۔