• news

حکومت آئی ایم ایف، مقتدر قوتوں کی بیساکھیوں پر چل رہی ہے: سراج الحق

لاہور (سپیشل رپورٹر) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت آئی ایم ایف اور مقتدر قوتوں کی بیساکھیوں پر چل رہی ہے۔ اچھے کام کا کریڈٹ وزیر اعظم کو اور خرابی کا الزام اسٹیبلشمنٹ پر لگ رہا ہے۔ یہ تاثر ملک کیلئے تباہ کن ہے۔ سود نے ملکی معیشت تباہ کردی ہے جس کا خمیازہ پوری قوم کو بھگتنا پڑرہا ہے، جب تک سودی قرضوں کی معیشت کا خاتمہ نہیں ہوتا ترقی اور خوشحالی نہیں آئے گی۔ جماعت اسلامی ملک کے نظریاتی تشخص کو بچانے کیلئے مسلسل سرگرم ہے۔ ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے منصورہ میں مرکزی مجلس شوریٰ کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سینیٹر سراج الحق نے ارکان شوریٰ سے کہا کہ غلبہ دین کیلئے منتخب اداروں میں اپنی قوت بڑھانے کی ضرورت ہے۔ اگرچہ قومی و صوبائی اسمبلیوں اور سینٹ میں ہماری تعداد محدود ہے مگر اس کے باوجود ہم ملک کی اسلامی و جمہوری شناخت کو قائم رکھنے کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ جماعت اسلامی نے اسلامی نظام کیلئے مسلسل آواز اٹھائی ہے، اسمبلیوں میں قراردادیں اور بعض اوقات قوانین منظور کرائے ہیں۔ سینٹ میں نجی سودی کاروبار کیخلاف قرارداد منظور کرائی ہے۔ جبکہ جماعت اسلامی کے رکن قومی اسمبلی مولانا عبد الاکبر چترالی نے قومی اسمبلی میں سود کے خلاف بل جمع کرایا ہے اور سود کے خلاف وفاقی شرعی عدالت میں کیس لڑ رہے ہیں۔سود کے خاتمہ کیلئے ہم پی ٹی آئی حکومت پر بھرپور رائے عامہ کے ذریعے دبائو ڈالیں گے۔ سروے بتاتے ہیں کہ عوام کی پی ٹی آئی حکومت سے توقعات ختم ہورہی ہیں۔ نئے مالی سال کے بجٹ کے بعد خود وزیراعظم سے وابستہ امیدیں تیزی سے دم توڑ رہی ہیں۔ حکومت نے عوام کو ریلیف دینے کی بجائے تکلیف میں مبتلا کررکھا ہے۔ اس وقت مہنگائی کا ایک طوفان ہے جس میں عوام چیخ و پکار کررہے ہیں مگر وزیر اعظم اور ان کی معاشی ٹیم آئی ایم ایف کے سامنے بے بس ہے۔

ای پیپر-دی نیشن