ڈرون کے ذریعے حوثیوں کی سعودی جازان ہوائی اڈے پر حملے کی کوشش ناکام
ریاض (این این آئی)یمن میں آئینی حکومت کی بحالی کے لیے سرگرم عرب اتحادی فوج نے جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب یمن کے ایران نواز حوثی باغیوں کی طرف سے بمبار ڈرون طیاروں کے ذریعے جازان کے ہوائی اڈے پر حملے کی سازش ناکام بناتے ہوئے ایک ڈرون طیارہ مار گرایا۔عرب ٹی وی کے مطابق سعوددی قیادت میں یمن کی آئینی حکومت کی معاونت کرنے والے عسکری اتحاد کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے ایک نیوز کانفرنس میں بتایا حوثی باغیوں کا ایک ڈرون طیارہ جمعہ کی شب جازان میں شاہ عبداللہ ہوائی اڈے کی طرف اڑایا گیا۔ کرنل ترکی المالکی کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ جمعہ کی شب ایک بمبار طیارہ عرب اتحادی فوج نے حملے سے قبل ہی تباہ کر دیا۔ اسے حوثی دہشت گردوں کی طرف سے شہری آبادی اور ہوائی اڈے کو نشانہ بنانے کے لیے سعودی عرب کی فضائی حدود میں داخل کیا گیا تھا۔