• news

ورلڈکپ: بھارت، سری لنکا، آسٹریلیا، جنوبی افریقہ آج مقابل

لندن (سپورٹس رپورٹر)بارہویں آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں آج آخری دو لیگ میچ کھیلے جائینگے۔ پہلے میچ میں بھارت کا مقابلہ سری لنکا سے ہوگا۔ یہ میچ پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق دن 2 بج کر 30منٹ پر لیڈز کے مقام پر شروع ہوگا۔ دوسرے اور ورلڈ کپ کے آخری لیگ میچ میں آسٹریلیا کا مقابلہ جنوبی افریقہ سے ہوگا۔میچ پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق شام 5 بج کر 30 منٹ پر مانچسٹر کے مقام پر شروع ہو گا۔عالمی چیمپئن آسٹریلیا اور بھارت کی ٹیمیں میگا ایونٹ میں پہلے ہی سیمی فائنل میں پہنچ چکی ہیں۔ دفاعی چیمپئن آسٹریلیا سب سے زیادہ 14 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر سرفہرست ہے جبکہ بھارتی ٹیم 13 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے اور دونوں ٹیمیں سیمی فائنل میں پہنچ چکی ہیں۔ میگا ایونٹ میں انگلینڈ کی ٹیم بھی 12 پوائنٹس کے ساتھ سیمی فائنل میں پہنچ چکی ہے۔ میگا ایونٹ کے آخری دو لیگ میچ کھیلنے والی ٹیمیں سری لنکا اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں پہلے ہی میگا ایونٹ سے باہر ہو چکی ہیں۔ آسٹریلوی بلے باز شان مارش فٹنس مسائل کے باعث رواں ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے بقیہ میچز سے باہر ہو گئے، ان کی جگہ پیٹر ہینڈز کامب کو سکواڈ میں طلب کر لیا گیا۔آسٹریلوی ٹیم مینجمنٹ کے مطابق شان مارش نیٹ سیشن کے دوران بازو کی انجری کا شکار ہو گئے ہیں، ڈاکٹرز نے طبی معائنے کے بعد انہیں مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے اس لئے وہ ورلڈ کپ کے بقیہ میچز میں ٹیم کو دستیاب نہیں ہوں گے، ان کے متبادل کے طور پر پیٹر ہینڈز کومب کو ٹیم میں شامل کر لیا گیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن