• news

شاہین آفریدی نے ایک ہی میچ میں2نئے عالمی ریکارڈز بنا دیئے

لندن (سپورٹس رپورٹر) فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی نے ورلڈ کپ میں نیا عالمی ریکارڈ بھی اپنے نام کر لیا۔بنگلہ دیش کے خلاف میچ میں شاہین شاہ آفریدی نے 35 رنز کے عوض 6 وکٹیں حاصل کیں۔ کارکردگی کی بدولت وہ لارڈز کے تاریخی میدان کے آنرز بورڈ پر بھی اپنا نام درج کرانے میں کامیاب رہے جہاں ان سے قبل سنچری بنانیوالے امام الحق نے بھی یہی اعزاز حاصل کیا تھا۔شاہین آفریدی نے ورلڈ کپ میں پاکستان کی جانب سے بہترین باؤلنگ کا ریکارڈ اپنے نام کر لیا جہاں ان سے قبل یہ ریکارڈ شاہد آفریدی کے پاس تھا جنہوں نے 2011 کے عالمی کپ میں کینیا کے خلاف میچ میں 16رنز کے عوض 5وکٹیں لی تھیں۔شاہین پاکستان کی ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں ایک اننگز میں بہترین باؤلنگ کرنے والے بائیں ہاتھ کے باؤلر بن گئے ہیں۔19 سالہ فاسٹ باؤلر ورلڈ کپ کرکٹ کی تاریخ میں پانچ یا اس سے زائد وکٹیں لینے والے 20سال سے کم عمر پہلے باؤلر بن گئے ہیں۔ورلڈ کپ میں شاہین نے پانچ میچوں میں 16 وکٹیں حاصل کیں اور 16 وکٹیں لینے والے 20سال سے کم عمر پہلے باؤلر بن گئے۔

ای پیپر-دی نیشن