• news

پاکستان، چین تعلقات کی مضبوطی کیلئے ملکر کام کرنا ہوگا: چینی وزیرخارجہ، سی پیک ترقی کا مشترکہ منصوبہ: سفیر یائوجنگ

بیجنگ (آئی این پی + آن لائن) چینی وزیر خارجہ وانگ ای نے کہا ہے کہ چین اور پاکستان کے درمیان چار موسموں کے دوستانہ تعلقات اور شراکت داری موجود ہے، پاک چین تعلقات کی بنیاد مضبوطی پر استوار ہے، ہمیں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے کے لئے ایک دوسرے کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہیے ۔ چائنہ ریڈیو انٹرنیشنل کے مطابق چینی وزیر خارجہ سے سبکدوش ہونے والے پاکستانی سفیر مسعود خالد نے ملاقات کی۔ اس موقع پر وانگ ای نے کہاکہ چین اور پاکستان کے درمیان چار موسموں کے دوستانہ تعلقات اور شراکت داری موجود ہے۔ چین پاکستان تعلقات تمام آزمائشوں پر پورے اترے ہیں جن کی بنیاد مضبوطی پر استوار ہے۔ دونوں ملکوں کے عوام کے دل ہمیشہ ایک دوسرے کے لئے دھڑکتے ہیں۔ ہمیں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے کے لئے ایک دوسرے کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہیے۔ مسعود خالد نے پاکستان-چین دوستی کے روشن مستقبل پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ پاک-چین دوستی کو فروغ دینے کے لئے اپنی پوری کوشش جاری رکھیں گے۔ دریں اثناء چین کے سفیریاؤ جنگ نے قومی ادارہ صحت (این آئی ایچ) اسلام آباد کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ادارہ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹرمیجر جنرل پروفیسر عامر اکرام نے ان کا خیرمقدم کیا۔ چینی سفیرکے قومی ادارہ صحت کے دورے کا مقصد صحت کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے ساتھ ساتھ جاری منصوبوں پر تبادلہ خیال کرنا تھا۔ ملاقات کے دوران، ایگزیکٹوڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر عامر اکرام نے معزز مہمان کوصحت کے شعبے میں قومی ادارہ صحت کے کردار سے آگاہ کیا۔ چینی سفیر نے کہا کہ پاکستان اور چین دوستی کے مضبوط رشتے میں بندھے ہوئے ہیں اور دونوں ملکوں کی دوستی ہر دور میں مثالی رہی ہے۔ انہوں نے سی پیک پراجیکٹ کو دونوں ملکوں کی ترقی کا مشترکہ منصوبہ قرار دیا۔

ای پیپر-دی نیشن