مرکزی تنظیم تاجران نے 13 جولائی کو ملک گیر شٹر ڈاؤن کا اعلان کر دیا
لاہور+اسلام آباد (کامرس رپورٹر+نمائندہ خصوصی) مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے صدر محمد کاشف چودھری، محمد اشرف بھٹی صدر آل پاکستان انجمن تاجران ، محمد علی میاں صدر پاکستان ٹریڈرز الائنس نے مشترکہ طور پر بجٹ 2019 کو مسترد کرتے ہوئے 13 جولائی بروز ہفتہ کو مکمل ملک گیر شٹرڈاون ہڑتال کا اعلان کرتے ہوئے کہا ھم نے 30 جون کو حکومت کو چارٹر آف ڈیمانڈ کی منظوری کیلئے 7 جولائی تک کی ڈیڈلائن دی تھی اور 32 نکاتی چارٹر آف ڈیمانڈپیش کیا مگر حکومت نے ہمارے مطالبات کو تسلیم نہیں کیا۔ تمام تاجر تنظیموں کے مشترکہ اجلاس میں مرکزی تنظیم تاجران پاکستان، ال پاکستان انجمن تاجران نعیم میر گروپ،پاکستان ٹریڈرز الائنس، آل پاکستان انجمن تاجران اشرف بھٹی گروپ ، قومی تاجر اتحاد، بزنس مین پینل چوھدری امجد و دیگر تاجر تنظیموں نے شرکت کی۔ 13 جولائی پورے ملک میں کراچی سے خیبر تک اور گوادر سے بہاولپور تک چھو ٹے بڑے تمام بازار شٹرڈاون اور مکمل طور بر بند ھوں گے۔اس کے ساتھ ساتھ پورے ملک کی چھوٹی بڑی تمام تاجر تنظیمات و ٹرانسپورٹرز کی مشاورت سے ملک گیر پہیہ جام کا اعلان کرتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ چھوٹا تاجر ٹیکس دینا چاھتا ھے مگر حکومت کی معاشی پالیسیاں ٹھیک نہیں۔ آئی ایم ایف بجٹ کسی صورت قبول نہیں۔ اب بھی بال حکومت کی کورٹ میں ھے ہم کسی صورت اس ظالمانہ بجٹ کو قبول نہ کریں گئے۔اس موقع پر سید عبدالقیوم آغا جنرل سیکرٹری تنظیم تاجران پاکستان،شرافت علی مبارک،چوھدری محبوب علی سرکی،میاں ادریس،راجہ ضیاء احمد،میاں طارق فیروز،نثار خان،میاں محمد ادریس،سرور خان اچکزئی نے کہا کہ اگر حکومت نے ایک دن کی ہڑتال کے بعد بھی تاجروں کے مطالبات تسلیم نہ کیے تو پھر مشترکہ طور پر غیر معینہ مدت کی ھڑتال اور احتجاج کا اعلان کریں گے۔