• news

میرے شوہر آکسیجن لیکر سوتے ہیں‘ کچھ ہوا تو ذمہ دار عمران ہونگے‘ نبیلہ ثناء

لاہور (رفیعہ ناہید اکرام) مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ کی اہلیہ نبیلہ ثنا نے کہا ہے کہ میرے شوہربیمار ہیں اور روزانہ رات کو آکسیجن لے کر سونے کے عادی ہیں۔ اگر انہیں کچھ ہوا تو ذمہ دار عمران خان ہوں گے، جیل میں ملاقات کے موقع پربھی انکے دل کی دھڑکن بہت تیز تھی، سانس پھول رہی تھی جس کی وجہ سے کوئی بات نہیں ہو سکی۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز نوائے وقت سے خصوصی انٹرویو میں کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ملاقات میںمیںنے اور ہماری اکلوتی بیٹی اقرا ثنا نے رانا صاحب سے یہی کہاکہ آپ مضبوط رہیں ہمت نہ ہاریں، آپ جیل کے اندر ہیں تو ہم باہر کھڑے ہیںکوئی جو مر ضی کرلے آپ کو کچھ نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو کیوں یہ صفائی دینا پڑی کہ رانا صاحب کے معاملے میں میرا کوئی عمل دخل نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اللہ کے سوا کسی سے نہیں ڈرتے اور ہم نے سارا معاملہ اللہ کے سپرد کردیا ہے۔ مگر ہم جنگ لڑتے رہیں گے اورجیت ہماری ہوگی، میرے شوہر نے کوئی غلطی نہیں کی ، جیل ان کیلئے نئی جگہ نہیں وہ مشرف اور ضیاء الحق کے زمانے میں بھی جیلوں میں رہے۔ انہوں نے بتایا کہ انکے کمرے میں چھت والا پنکھا تو ہے لیکن شاید کمرے کی دیوار کے ساتھ کوئی تنور یا بھٹی لگی ہوئی ہے جس کی وجہ سے شدید گرمی ہوتی ہے۔ ان کے پاس صرف ایک چادر تھی اور سونے کیلئے کوئی چارپائی وغیرہ نہیں ہے مگر میں انہیں گدا، بیڈ شیٹ، تکیہ، کپڑے، کیتلی، پانی اور دوائیاں دے کر آئی ہوں۔ انہوں نے بتایا کہ وہ فیصل آباد میں تین ووکیشنل سنٹرز چلاتی ہیں جہاں غریب بچیوں کو مفت سلائی کڑھائی وغیرہ سکھائی جاتی ہے اور انہی بچیوں کی دعاؤں کے طفیل رانا صاحب پہلے سے بھی زیادہ طاقتور ہوکر جیل سے باہر آئیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن