لاہور سمیت کئی شہروں میں آندھی، بارش، کرنٹ لگنے چھت گرنے سے 3 افراد جاںبحق
لاہور + اسلام آباد + شیخوپورہ (نمائندہ خصوصی + نیوز رپورٹر + نوائے وقت رپورٹ + خصوصی نمائندہ + نمائندہ نوائے وقت) لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں وقفے وقفے سے بارش‘ نشیبی علاقے زیرآب آ گئے۔ متعدد فیڈرز ٹرپ ہونے سے بجلی کی آنکھ مچولی بھی جاری ہے‘ آندھی اور تیز ہواؤں سے درخت جڑوں سے اکھڑ گئے۔ شاہدرہ میں 7 سالہ بچہ مکان کی چھت گرنے سے جاں بحق‘ 2 بھائی زخمی ہو گئے۔ ہنجروال میں کرنٹ لگنے سے 20 سالہ نوجوان دم توڑ گیا۔ شیخوپورہ میں فیکٹری مزدور دیوار کے ملبے تلے دب کر چل بسا۔ فیصل آباد شہر کے مختلف علاقوں میں شدید بارش ہوئی‘ سمندری کے علاقے میں بارش کے باعث ورکشاپ کی چھت گر گئی جس کے ملبے تلے دب کر 2 افراد زخمی ہو گئے۔لاہور کے نواحی علاقہ شاہدرہ ٹاؤن میں بوسیدہ مکان کی چھت گرنے سے 7 سالہ بچہ جاں بحق‘ اسکے دو بھائی زخمی ہو گئے۔ ریسکیو حکام کے مطابق واقعہ شاہدرہ ٹاؤن کے علاقہ قاضی پارک میں پیش آیا، جہاں خستہ حال مکان کی چھت گرنے سے 7 سالہ انیس، اس کا بھائی 6 سالہ عامر اور 25 سالہ شہزاد ملبے تلے دب گئے۔ اطلاع پر امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں جنہوں نے انیس کو مردہ جبکہ عامر اور شہزاد کو زخمی حالت میں نکال کر شاہدرہ ہسپتال منتقل کر دیا۔ ہنجروال کے علاقہ میں کرنٹ لگنے سے 20سالہ شفاقت نامی نوجوان جاں بحق ہوگیا ۔ پولیس نے لاش کو جناح ہسپتال کے مردہ خانے منتقل کردی۔ شیخوپورہ سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق چک نمبر 40 میں آندھی کے دوران فیکٹری کی دیوار گرنے سے 22 سالہ مزدور واجد جاں بحق ہوا۔ بارش کے باعث لیسکو کے 280 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے جس کے باعث متاثرہ علاقوں میں بجلی کی سپلائی منقطع ہوگئی۔ لاہور میں اقبال ٹاؤن‘ مسلم ٹاؤن‘ میسن روڈ‘ جیل روڈ‘ سمن آباد‘ شادمان‘ اچھرہ‘ الحمد کالونی‘ جوہر ٹاؤن‘ نشتر کالونی‘ ٹاؤن شپ‘ فیصل ٹاؤن اور دیگر علاقوں میں بجلی منقطع ہو گئی جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ تیز بارش اور ہواؤں نے بعض مقامات پر کھبمے اور درخت بھی گرا دیئے۔ لیسکو انتظامیہ نے بارش کے بعد پٹرولنگ کر کے متاثرہ علاقوں میں بجلی کی سپلائی بحال کر دی تاہم بعض علاقوں میں ہفتے کی صبح بجلی کی بحالی ممکن ہو سکی۔ لیسکو انتظامیہ کا کہنا تھا کہ بجلی تمام علاقوں میں بحال کر دی گئی ہے۔ دریں اثناء اٹک‘ چکوال‘ راولپنڈی‘ اسلام آباد اور گردو نواح میں تیز ہوا اور آندھی کے باعث تینوں سرکلز کو بجلی فراہم کرنے والے 29 ٹرپ کر گئے۔ ترجمان آئیسکو کے مطابق اپر ٹوپہ‘ کھڑیال‘ اے بلاک‘ پارک ویو‘ ٹینچ باٹا‘ کنگال‘ سوہان‘ آر اے بازار‘ غور غشتی‘ واسا فیڈرز اور گردو نواح کو بجلی کی سپلائی میں عارضی تعطل رہی۔