• news

ٹیمپرڈ ہے، فرانزک کرائینگے: فردوس عاشق

لاہور (نیوز رپورٹر) معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ پریس کانفرنس کے دوران مریم نواز نے ہمدردیاں سمیٹنے کی ناکام کوشش کی۔ انہوں نے ایک ٹیپ لیکر مارکیٹ میں بیچنے کی کوشش کی۔ آڈیو ٹیپ کو ٹیمپر کرنے والے جعلساز ٹولے کا سرغنہ جیل میں ہے۔ ٹیپ کے پیچھے اسی شخص نے یہ حرکت کی۔ ٹیپ ٹیمپرڈ ہے ویڈیو کا فرانزک آڈٹ کرائیں گے۔ لاہور میں میڈیا سے بات چیت میں ان کا کہنا تھا کہ اس طرح ویڈیو کی ریکارڈنگ غیر قانونی ہے۔ مریم نواز شریف نے قوم کو گمراہ کرنیکی کوشش کی۔ ہم پوچھتے ہیں یہ ویڈیو اس کہاں تھی جب ہائیکورٹ میں آپ گئے، آپ نے اس ویڈیو سے ن لیگ کی ڈوبتی کشتی کو سہارا دینے کی کوشش کی۔ یہ ہر بار ناکام ہوں گے۔ معاون خصوصی اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ مریم نواز جو سونے کا چمچ منہ میں لیکر پیدا ہوئیں ان کو کیا پتہ عوامی مسائل کیا ہیں، بینظیر بھٹو اور ذوالفقار علی بھٹو پر آپ کے والد نے جو الزامات لگائے سب کے سامنے ہیں، یہ جو مقدمات آپ پر ہیں یہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے نہیں بنائی بلکہ جن کے ساتھ آپ نے میثاق جمہوریت کیا انہوں نے ہی یہ مقدمات بنائے جن کی سزا آپ بھگت رہے ہیں۔ فردوس عاشق اعوان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان پر اتنے مقدمات آپ کی حکومت نے کیے۔ موجودہ وزیراعظم ملک چھوڑ کر نہیں بھاگے اور نہ ہی عدالت پر حملے کیے، کرکٹ سے جو پیسے عمران خان نے کمائے اس کی ٹریل عدالت میں جمع کرائی۔ جو سچا ہوتا ہے وہ چالیس سال کی منی ٹریل لے آتا ہے جس کی مثال عمران خان ہے جنہوں نے لندن سے تمام پیسوں کی تفصیلات سپریم کورٹ میں جمع کرائی اور الزامات سے کلیئر ہوئے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ بھتیجی نے اپنے چچا کو کونے میں لگا دیا۔ شہباز شریف آج بے بسی کی تصویر بنے بیٹھے تھے۔ ملکی معیشت کا بیڑا غرق کر کے لندن میں عیاشی کرنے والا اسحق ڈار، شہباز شریف کا داماد، ان کا بیٹا سلمان شہباز ملک سے باہر بیٹھے ہیں،یہ لوگ پاکستان میں آ کر اپنی بے گناہی کیوں ثابت نہیں کرتے۔ یہ لوگ ابھی بھی بے گناہ ہیں تو مقدمات کا سامنا کیوں نہیں کرتے۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ 'مریم نواز نے ویڈیو ٹیپ کا سہارا لے کر ہمدردیاں سمیٹنے اور (ن) لیگ کی گرتی ساکھ کو بچانے کی بھونڈی کوشش کی۔ دوسروں پر الزام لگانے والوں کے اپنے چہرے داغدار ہیں، مریم نواز ٹیپس کو عدالتوں میں لے جاکر اپنی بے گناہی ثابت کریں۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مبینہ ویڈیو میں جس شخصیت کو بطور ’سورس‘ ظاہر کیا گیا وہ ناصر بٹ ہے جو نواز شریف کا کاروباری رفیق اور قریبی دوست ہے، ناصر بٹ قاتل اور غنڈہ گینگ کا سربراہ ہے جو قتل کرنے کے بعد بیرون ملک فرار ہوجاتا ہے، ناصر بٹ 5 قتل کرنے کے بعد 20 سال تک لندن مفرور رہا جبکہ آڈیو ویڈیو ٹیپس کو ٹیمپر کرنے والوں کا سرغنہ جیل میں ہے۔ مریم نواز شریف نے قوم کو گمراہ کرنیکی کوشش کی۔ آپ نے ایک جج پر نہیں بلکہ پوری جوڈیشری پر حملہ کیا ہے، آپ نے انصاف دینے والے اداروں کو اپنے مفاد کے لیے استعمال کرنے کی کوشش کی اور ان پر انگلیاں اٹھا دیں۔
لاہور(نیوز رپورٹر) صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب سید صمصام علی بخاری نے لیگی رہنماؤں کی پریس کانفرنس پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ مریم بی بی کی گفتگو اعلی عدلیہ پر الزام تراشی اور بہتان انگیزی ہے۔ اس پریس کانفرنس کے سکرپٹ رائٹر کو ایوارڈ سے نوازا جانا چاہیے ۔من پسند فیصلوں کے لیے شہباز شریف کی گفتگو کے ٹیپ تاریخ کا حصہ ہے۔شہباز شریف نے کرسی مریم بی بی کو پیش کر کے بہت سے سوالوں کے جواب دے دئیے ۔صوبائی وزیر نے کہا کہ عوام سوال کرتے ہیں کہ یہ غیبی مدد پہلے کیوں نہیں آئی؟ شہباز شریف اور مریم بی بی نے 22کروڑ عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش کی ۔حیرانی ہے کہ جس گفتگو کا ذکر کیا جا رہا ہے اس کی بتائے بغیر موبائل سے کیوں وڈیو بنائی گئی۔ سید صمصام بخاری نے کہا کہ پریس کانفرنس کرنے والوں کے الفاظ بھی ان کا اپنا ساتھ نہیں دے رہے تھے۔ن لیگی رہنمائوں کی یہ پریس کانفرنس حکومتی اداروں کے خلاف گہری سازش معلوم ہوتی ہے ۔سید صمصام بخاری نے کہا کہ ن لیگ کو بہت دور کی سوجھی ہے اور وہ بھی بہت دیر سے''ْ۔عوام خوب سمجھتے ہیں کہ یہ ہا تھ پاوں مارنے کی ناکام کوشش ہے لیکن ایسے ہتھکنڈوں سے کام نہیں چلے گا، ان کو لوٹا ہوا مال واپس کرنا ہو گا۔ درایں اثناء صوبائی وزیر اطلاعات سید صمصام علی بخاری نے اپنے دفتر میں ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کے پاس کوئی ایشو نہیں، تحریک کیسے چلائیں گے۔ کیا یہ پارٹیاں عوام کو اپنے قائدین کی کرپشن بچانے کیلئے باہر نکالیںگی۔اپوزیشن باہر نکلنے کا شوق پور ا کر لے، عوام ساتھ نہیں دینگے پی ٹی آئی کی جدوجہد عوامی مسائل اور قومی ایشوز پر تھی جبکہ نواز لیگ اور پیپلز پارٹی میں باہم مشترک ایجنڈا منی لانڈرنگ ہے ۔ ماضی میں ایک دوسرے پر دشنام طرازی کرنے والے ا ب کیسے اکٹھے ہو گئے ۔انہوں نے کہاکہ رانا ثناء اللہ پر پہلی ایف آئی آر نوازشریف دور میں درج ہوئی ۔رانا ثنااللہ کبھی نواز لیگ اور پیپلز پارٹی کے خلاف بولتے تھے اور اب پی ٹی آئی کے خلاف بولتے ہیں۔کرپشن کوئی بھی کرے اسے کیفر کردار تک پہنچنا ہی ہو گا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ اپوزیشن جمہوری رویہ اختیار کرے، بات چیت ہو سکتی ہے ۔عمران خان کی شخصیت کسی کے دباؤ میں نہیں آ سکتی ۔ملک کومعاشی طور پر صحیح ٹریک پر ڈالنے کیلئے سخت فیصلے ضروری تھے۔ عوام تسلی رکھے کہ ان فیصلوں کے دوررس نتائج نکلیں گے اور ترقی و خوشحالی ملک کا مقدر بنے گی۔ ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب شہبازگل نے کہا ہے کہ بیگم صفدراعوان نیآج الف لیلیٰ داستان کی دوسری قسط سنائی، خودساختہ نوزائیدہ لیڈرکے ساتھ 60،60 سال کے بزرگ سیاستدان ڈرے بیٹھے تھے، اخلاق سے گری جماعت مبینہ طورپرچھپ کربنائی گئی ویڈیو کو فخر سے دکھاتی رہی۔انہوں نے مسلم لیگ ن کی پریس کانفرنس پرردعمل دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کہا کہ عدلیہ پرحملے کرنیوالوں نے آج احتساب عدالت کے معززجج کی کردارکشی کی۔

ای پیپر-دی نیشن