شندور میلہ: 3 روزہ فری سٹائل پولو ٹورنامنٹ آج سے شرو ع ہوگا
لاہور(نمائندہ سپورٹس )دنیا کے بلند ترین گراونڈ شندور میں 3 روزہ فری سٹائل پولو ٹورنامنٹ کا آغاز آج سے ہورہاہے۔شندور میلے میں پولو کے علاوہ گلگت اور چترال کے روائتی کلچرل شو بھی منعقد کئے جا ئینگے۔ 12 ہزار فٹ پر واقع شندور میں فری سٹائل پولو سے لطف اندوز ہونے کے لئے ملکی و غیر ملکی سیاحوں کی آمد شروع ہوگئی ہے ۔شیڈول کے مطابق 7 جولائی سے شروع ہونے والے سال کے اس اہم ایونٹ کا اختتام 9 جولائی کو ہوگا۔ذرائع کا کہناہے کہ فائنل ایونٹ کے مہمان خصوصی وزیر اعظم عمران خان ہونگے۔ گلگت بلتستان حکومت نے سیاحوں اور مہمانوں کے لئے انفارمیشن ڈیسک سمیت تمام انتظامات کرلئے ہیں۔شندور پولو گراونڈ سلسلہ ہندوکش کی خوبصورت وادی چترال سے 168 کلومیٹر اور گلگت سے 211 کلومیٹر کے فاصلے پر ضلع چترال میں واقع ہے۔سطح سمندر سے ساڑھے بارہ ہزار فٹ کی بلندی پر واقع شندور میں 1936 سے ہر سال جولائی میں پولو ٹورنامنٹ کھیلا جاتا ہے۔