الخلیل :مطالبات تسلیم کرنے پر 5 فلسطینی قیدیوں کی بھوک ہڑتال معطل
الخلیل (صباح نیوز)اسرائیلی حکام کی طرف سے مطالبات تسلیم کیے جانے کے بعد صہیونی جیلوں میں بھوک ہڑتال کرنے والے 5 اسیران نے ہڑتال معطل کر دی ۔ ان اسیران نے 12 دن تک اپنے آئینی حقوق اور مطالبات کے حق میں بھوک ہڑتال جاری رکھی۔فلسطینی محکمہ امور اسیران کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ رامون جیل کی انتظامیہ نے بھوک ہڑتال کرنے والے پانچ اسیران کی رہائی کی مدت کا تعین کر دیا ۔انتظامی حراست میں مزید توسیع نہ کرنے کا مطالبہ کرنے والے اسیران میں دو سگے بھائی محمود الفسفوس اور کاید الفسفوس، 26 سالہ غضنفر ابو عطوان کی انتظامی حراست 30 اکتوبرکو ختم ہوگی اور ان کی حراست میں مزید توسیع نہیں کی جائے گی۔ 30 سالہ اسیر عبدالعزیز سویطی کو 14 ستمبر کو رہا کیا جائے گا جب کہ اسیر ساید النمور کو یکم دسمبر 2019 کو رہا کیا جائے گا۔