• news

اپوزیشن ذاتی مفادات کیلئے انارکی کی صورتحال پیدا کرنا چاہتی ہے ‘ ہمایوں اختر

لاہور( این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ عوام اپنی آنے والی نسلوں کے محفوظ مستقبل کیلئے حکومت کی جانب سے شروع کئے گئے اصلاحات کے عمل کوبھرپور سپورٹ کر رہے ہیں ،اپوزیشن اپنے ذاتی مفادات کیلئے ملک میں انارکی کی صورتحال پیدا کرنا چاہتی ہے ،کرپشن کرنے والوں کو اپنی کمیٹی کا نام رہبر کی بجائے ’’راہزن ‘‘رکھنا چاہیے تھا۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومت نہ صرف تمام طبقات کے تحفظات سے آگاہی حاصل کر کے انہیں دور کر ے گی بلکہ انہیں ملک کے موجودہ حالات میں اٹھائے گئے غیر معمولی اقدامات پر بھی قائل کر لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کا ’ ’ احساس ‘‘ پروگرام ملک کی تقدیر بدل دے گا جس سے خط غربت سے نیچے زندگی بسر کرنے والے کروڑوں افراد قومی دھارے میں شامل ہوں گے۔ ہم لوگوں کو صرف وظائف تک محدود نہیں رکھنا چاہتے بلکہ انہیں ہنر سکھا کر اورکاروبار شروع کے لئے معاونت کر کے اپنا پائوں پر کھڑا کرنا چاہتے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ سابقہ حکمرانوں نے خزانے پر جس طرح ہاتھ صاف کئے ہیں اس کا خمیازہ آج پوری قوم بھگت رہی ہے۔ آج بھی حکمرانوں کے گھروں سے سرکاری گاڑیاں برآمد ہو رہی ہیں جو انتہائی قابل مذمت ہے ۔ دونوں جماعتیں ذاتی وسائل ہونے کے باوجود حکومتی خزانے کا بے دریغ استعمال کرنا اپنا حق سمجھتی رہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اور ان کی کابینہ بلکہ صوبائی حکومتوں نے بھی اپنے اخراجات میں کئی گنا کمی کی ہے اور بچت ہونے والا پیسہ عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کیا جارہا ہے ۔

ای پیپر-دی نیشن