• news

لوٹی دولت واپس آنے سے حالات بدل جائیں گے، کڑا وقت ختم، اچھا شروع ہورہا ہے: عثمان بزدار

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ٹورازم کے لحاظ سے پر کشش تاریخی سرکاری عمارتوں کو سیاحتی مقاصد کے لئے استعمال کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے بتایا کہ وسائل میں اضافے کے لئے حکومتی اثاثوں کا بہترین استعمال یقینی بنایا جائے گا- پنجاب میں ریسٹ ہاؤسز کو عوام کے لئے کھولنے کا تاریخی اقدام بے مثال ہے۔ سرکاری ریسٹ ہاؤس میں عوام قیام وطعام کی عمدہ سہولت سے مستفید ہوں گے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ سیاحت کا فروغ حکومت کی معاشی پالیسی کا بنیادی جز ہے۔ پنجاب میں نئے ٹورسٹ مقام ڈویلپ کئے جائیں گے۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ لوٹی ہوئی دولت واپس آئی تو حالات بدل جائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ کڑا وقت ختم ہونے کو ہے،اچھا دور شروع ہورہا ہے- معاشی نظم و ضبط سے صورتحال بہتری کی طرف گامزن ہوجائے گی۔ عام آدمی کی زندگی میں دیرپا اور مثبت تبدیلیاں لائیں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ عبدالستار ایدھی مرحوم انسانیت کا فخر اور پاکستان کی پہچان ہیں۔ عبدالستار ایدھی کی تیسری برسی کے موقع پر وزیراعلیٰ نے ان کی سماجی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ عبدالستار ایدھی کی زندگی سکھاتی ہے اگر جذبہ صادق ہو تو فرد بھی انسانی خدمت کر سکتا ہے۔ حکومت کا احساس پروگرام ایدھی کے طرزفکر کا عکاس ہے۔ احساس پروگرام ایدھی کی خدمت کی روایت کو زندہ رکھے گا۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے پنجاب یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر ڈاکٹر خیرات ابن رسا کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ جامعہ پنجاب کے لئے ڈاکٹر خیرات ابن رسا کی تدریسی و انتظامی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

ای پیپر-دی نیشن