تارکین وطن کا ملکی ترقی کیلئے کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے: اسد قیصر
اسلام آباد (اے پی پی) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ تارکین وطن پاکستانی ملکی ترقی کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، کسی بھی ملک کی معاشی اور اقتصادی ترقی کے لیے تارکین وطن کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہوتا ہے، پاکستان اس وقت مشکل دور سے گزر رہاہے ملک کو درپیش چیلنجز سے نکالنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے برطانیہ کے شہر مانچسٹر میں مقیم پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ترقی کی جانب گامزن ہے اور اب ہمارے ملک کو ترقی کرنے سے کوئی نہیں روک سکتا۔ انہوں نے کہا کہ بیرونی ممالک میں مقیم پاکستانی اپنے ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں۔ سپیکر نے سرمایہ کاری کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہاکہ بیرونی ممالک میں مقیم پاکستانی اپنے ملک میں سرمایہ کاری کو فروغ دیں تاکہ غیرملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہو سکے۔ اسد قیصر نے کہاکہ ملکی ترقی کو صحیح سمت پر گامزن کرنے کے لیے ہمیں بیرون ملک پاکستانیوں کے تجربے سے بھرپور استفاد حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر برطانیہ میں منعقد ہونے والے بین الپارلیمانی ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے میچز بھی دیکھیں گے۔