ورلڈ کپ: بنگلہ دیش کے کپتان نے شکست کی ذمہ داری قبول کرلی
لاہور (سپورٹس ڈیسک )بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم کے کپتان مشرفی مرتضیٰ نے اپنی ٹیم کے مداحوں سے معذرت کرتے ہوئے ورلڈ کپ کے سیمی فائنل تک نہ پہنچنے اور ٹیم کی شکست پر ذمہ داری قبول کر لی۔ڈھاکہ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم مایوس ہیں، اگر چند میچز کے نتائج ہمارے حق میں آجاتے تو ہم سیمی فائنل تک پہنچ جاتے۔مجموعی طور پر ہم نے بہت اچھا کھیلا مگر ہم امیدوں پر پورا نہیں اترسکے۔اگر ہم نے آخری میچ جیت لیا ہوتا تو ہم پانچویں نمبر پر آجاتے مگر میں جانتا ہوں کہ تمام مداح اور کھلاڑی چاہتے تھے کہ ہمارا شمار سیمی فائنل تک پہنچنے والی 4 ٹیموں میں ہو۔ چند کھلاڑیوں کی غیر مستقل مزاجی اور قسمت کے ساتھ نہ دینے کی وجہ سے ٹورنامنٹ میں ہماری ٹیم کو نقصان پہنچا۔بھارت کے میچ تک ہمارے پاس سیمی فائنل تک جانے کا موقع تھا تاہم شکیب الحسن اور مشفیق الرحمٰن کے علاوہ مستقل مزاجی کی کمی سامنے آئی جبکہ محمد سیف الدین نے بہترین کرکٹ کھیلی۔بارشوں کی وجہ سے ایک پورے ہفتے میچوں میں مسائل کا سامنا رہا جس کی وجہ سے ہمیں نقصان ہوا جبکہ چند ٹیموں کو اس کا فائدہ پہنچا۔بطور کپتان میں اپنی ٹیم کی قیادت کرتے ہوئے مطلوبہ نتائج حاصل نہیں کر سکا جس پر تنقید کی جائے گی مگر میں پوری ٹیم کی ذمہ داری لیتا ہوں اور یہ معمول کی بات ہے۔میں پوری ذمہ داری لیتا ہوں جیسا کہ مجھے کرنا چاہیے تاہم میں یہ بھی کہنا چاہتا ہوں کہ دنیا بھر میں کھلاڑیوں پر تنقید کی جاتی ہے خاص طور پر ٹورنامنٹ یا سیریز کے بعد اور ورلڈ کپ کے بعد اس طرح کا ردعمل معمول ہے۔