ڈالر اوپن مارکیٹ میں 50 پیسے سونا 650 روپے تولہ مہنگا
لاہور (کامرس رپورٹر) ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں کمی کا سلسلہ دوبارہ شروع ہو گیا۔ گزشتہ روز انٹر بینک میں ڈالر 40 پیسے اور اوپن مارکیٹ میں 50 پیسے مہنگا ہو گیا۔ ٹریڈنگ کے دوران ڈالر کی قیمت میں 70 پیسے تک کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا تاہم اسٹیٹ بینک کے مطابق انٹر بینک مارکیٹ میں کاروبار کے اختتام پر ڈالر کی قدر 40 پیسے کے اضافے سے 157 روپے 32 پیسے رہی یورو 4 پیسے سستا ہو کر 176 روپے 65 پیسے رہ گیاجبکہ برطانوی پاونڈ 8 پیسے مہنگا ہو کر 197 روپے 10 پیسے کا ہو گیا ہے۔ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت فروخت 50 پیسے کے اضافے سے 157 روپے 50 پیسے ہو گئی۔ دوسری طرف مقامی صرافہ مارکیٹ میں گزشتہ روز ایک تولہ سونے کی قیمت میں 650 روپے اضافہ ہو گیا اور اس کی قیمت 78000 روپے سے بڑھ کر 78650 روپے ہو گئی ہے۔