• news

دورہ واشنگٹن: عمران کا پاکستانی سفیر کے گھر رہنے کا فیصلہ، امریکی انتظامیہ کی مخالفت

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ، ایجنسیاں) وزیراعظم عمران خان نے دورہ امریکہ میں پاکستانی سفیر کے گھر قیام کا فیصلہ کیا ہے۔ تاہم ذرائع کے مطابق وزیراعظم کے فیصلے پر امریکی سکیورٹی حکام نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کی سفیر کے گھر سے آمدورفت میں شہریوں کو مشکلات سکیورٹی مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ صدارتی مہمان خانے بلیئر ہاؤس کی تزئین و آرائش کی وجہ سے امریکی حکام نے عمران خان کو ہوٹل میں ٹھہرانے کی پیشکش کی ہے۔ وزیراعظم عمران خان 21 جولائی کو امریکہ پہنچیں گے جہاں وہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ون آن ون ملاقات کریں گے، اسکے علاوہ وزیراعظم عمران خان اور امریکی صدر کے درمیان وفود کی سطح پر بھی ملاقات ہوگی، وزیراعظم عمران خان 23 جولائی کو امریکہ میں پاکستانی بزنس کمیونٹی سے ملاقات کریں گے۔ اس کے علاوہ وزیراعظم عمران خان سے امریکی سینیٹرز اور کانگریس ارکان کی ملاقات بھی طے کی جارہی ہے۔ وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، مشیر خزانہ حفیظ شیخ اور مشیر تجارت رزاق داؤد کے بھی امریکہ جانے کا پروگرام ہے، وزیراعظم چھوٹے خصوصی جہاز کے ذریعے امریکہ جائیں گے۔ امریکہ کے خفیہ ادارے سمیت شہری انتظامیہ نے وزیراعظم کی اس خواہش کی مخالفت کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی واشنگٹن آمد پر امریکی خفیہ ادارے ان کی سکیورٹی کی ذمہ داری سنبھالیں گے جبکہ شہری انتظامیہ اس بات کی یقین دہانی کرائے گی کہ ان کے دورے سے واشنگٹن کا ٹریفک متاثر نہ ہو۔ خیال رہے کہ امریکی دارالحکومت میں ہر سال کئی ممالک کے صدر اور وزیر اعظم دورہ کرتے ہیں امریکی وفاقی حکومت، شہری انتظامیہ کے ساتھ مل کر اس بات کی یقین دہانی کرواتی ہے کہ ان کے دورے سے شہریوں کی زندگی پر اثر نہ پڑے۔ دوسری جانب امریکہ میں پاکستانی سفیر کی رہائش گاہ شہر کے درمیان واشنگٹن کے ڈپلومیٹک انکلیو میں قائم ہے، اس کے اطراف بھارت، ترکی اور جاپان سمیت کئی ممالک کے سفارتخانے ہیں جبکہ برازیل، برطانیہ اور جنوبی افریقہ کا سفارتخانہ بھی اس انکلیو سے زیادہ دور نہیں ہے۔

ای پیپر-دی نیشن