• news

ادارے خود مختار، احتساب بلا امتیاز، لوٹی دولت کی واپسی ہر پاکستانی کی خواہش ہے: عثمان بزدار

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پسماندہ اور محروم طبقات کا معاشی تحفظ یقینی بنائیں گے۔ پی ٹی آئی حکومت کی پالیسی کا محور انسانی وسائل کی ترقی ہے۔ عمران خان کی ہدایت پر معاشرے کے نظرانداز کردہ طبقے کے معاشی اور سماجی تحفظ کیلئے ’’پنجاب احساس‘‘ پروگرام کے آغاز کا فیصلہ کیا گیا اوراس پروگرام کیلئے رواں مالی سال کے بجٹ میں 17۔ ارب روپے سے زائد کی خطیر رقم مختص کی گئی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ صوبہ بھر میں 65سال سے زائد العمر شہریوں کو ماہانہ الاؤنس دیا جائے گا، اس کیلئے ’’باہمت بزرگ پروگرام‘‘ میں تین ارب روپے کا ابتدائی فنڈ قائم کیا گیا ہے۔ معذور افراد اور ان کے خاندان کی مالی مشکلات میں کمی کو یقینی بنانا ریاست کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ سپیشل افراد کیلئے مخصوص ’’ہم قدم‘‘ پروگرام کے تحت پنجاب کے 2لاکھ معذور افراد کیلئے ماہانہ مالی امداد کا پروگرام شروع کیا جارہا ہے۔ بیواؤں اور یتیم بچوں کی کفالت ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے اور یہی ریاست مدینہ کے ماڈل کی انفرادیت ہے کہ معاشرے کے کسی بھی طبقے کو بے یارومددگار نہیں چھوڑا جاتا۔ حکومت بیوہ خواتین کی گزر اوقات کیلئے ماہانہ وظیفہ مقرر کرے گی، اسی طرح خواتین کو معاشی ترقی کے مساوی مواقع فراہم کرنے کیلئے تحریک انصاف کے منشور کے مطابق پانچ سالہ منصوبہ شروع کیا جارہا ہے۔ جس کے تحت رواں مالی سال کے بجٹ میں 8۔ارب روپے مختص کیے جارہے ہیں۔ تیزاب گردی کے شکار افراد کو نارمل زندگی کی جانب واپس لانا پورے سماج کی ذمہ داری ہے۔ حکومت تیزاب گردی کے شکارافراد کی بحالی کیلئے 10کروڑ روپے کے فنڈز فراہم کررہی ہے۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ نے ایک بیان میں کہا کہ ملک وقوم کی لوٹی ہوئی دولت کی واپسی ہر پاکستانی کی خواہش ہے۔ قوم کے وسائل کو بے دردی سے لوٹنے والوں نے ملک کے بچے بچے کو مقروض کردیا۔ ماضی میں غلط اقتصادی پالیسوں کی وجہ سے ملک وقوم کو بہت نقصان پہنچایا گیا۔ اب اگر معیشت کی تباہی کی بات کریں تو مخالفین تلملا اٹھتے ہیں۔ ادارے خود مختار ہیں اور احتساب بلاامتیاز ہورہا ہے، یہی وقت کی ضرورت ہے۔ عثمان بزدار نے ملتان میں گھر میں گھس کر خواتین پر پولیس تشدد کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او ممتاز آباد کو معطل کر دیا ہے ۔

ای پیپر-دی نیشن