عمران کو سلیکٹ کرنیوالے بھی پریشان ہیں ملک کس نالائق کے حوالے کر دیا: بلاول
لوئر دیر، اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے لوئر دیر میں گزشتہ روز جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بے نظیر آج بھی عوام کے دلوں میں زندہ ہیں۔ بلاول نے اپنی والدہ کی یاد میں نظم پڑھی۔ انہوں نے کہا کہ جب سے عوام دشمن بجٹ آیا ہے یہ میرا پانچواں جلسہ ہے۔ سلیکٹڈ وزیراعظم ہمارے حقوق چھیننا چاہتا ہے۔ ضیاء اور مشرف کا دور صرف سیاہ دور کے طور پر یاد کیا جاتا ہے۔ کیا آج کوئی ضیاء اور مشرف کا نام لینے والا ہے۔ آج ہمارا مقابلہ جمہوریت کے لبادے میں چھپے سلیکٹڈ وزیراعظم سے ہے۔ عمران خان انصاف کی بات کرتے تھے، آج ان کی سیاست انتقام کی سیاست ہے۔ اقتدار میں آنے سے پہلے عمران کا چہرہ اور تھا۔ آج انہوں نے ملک کو معاشی بحران سے دو چار کر دیا ہے۔ لوگ پہلے ہی سال حکومت جانے کی دعا کر رہے ہیں۔ وزیراعظم کی نالائقی کی وجہ سے صوبے دیوالیہ ہو رہے ہیں، ہر طبقہ پریشان ہے۔ سلیکٹ کرنے والے بھی پریشان ہیں ملک کو کس نالائق کے حوالے کر دیا۔ یہ حکومت پہلے ایک سال میں 3بجٹ لائی ہے۔ خیبر پی کے کو 10 ارب روپے کم مل رہے ہیں۔ کہتے تھے خود کشی کر لوں گا۔ آج معیشت کو آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ دیا ہے۔ عمران خان میڈیا کی آزادی کی بات کرتے تھے، آج میڈیا کا گلا گھونٹ رہے ہیں۔ اس عوام دشمن بجٹ میں بجلی، گیس، دال، ڈالر، پٹرول، دودھ، دوائیں مہنگی کر دیں۔ چاہے ہم سب کو جیل بھیج دو اٹھارویں ترمیم پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ میری پارٹی، خاندان کو جیل بھیج دو اصولوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا ۔ صوبوں کو حصے سے کم پیسے ملے، یہ آپ کے ٹیکس کا پیسہ ہے آپ پر خرچ ہونا چاہئے۔ یہ کہتے تھے وزیراعظم بنوں گا سب ٹھیک ہو جائے گا۔ آج اتنا کم ٹیکس اکٹھا ہوا ہے کہ تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔ آج صورتحال اس کے برعکس ہے۔ آج ان کی نالائقی چھپانے کیلئے عوام پر بوجھ ڈالا جا رہا ہے۔ یہ این ایف سی ایوارڈ کم کر کے صوبوں کے وسائل پر ڈاکہ مارنا چاہ رہے ہیں۔ عمران خان سن لو 18 ویں ترمیم اور جمہوریت پر سمجھوتہ نہیں ہو سکتا۔ خیبر پی کے اور فاٹا میں جتنے ترقیاتی کام ہوئے پیپلز پارٹی نے کرائے۔ حکومت نے عوام کو ٹیکسز اور مہنگائی کے سونامی میں ڈبو کر رکھ دیا ہے۔ مشہور تھا جو بے نظیر آئے گی، روزگار لائے گی۔ چاہے میرے سامنے کتنی بھی مشکلات کھڑی کی جائیں وعدہ کرتا ہوں شہیدوں کے مشن کو جاری رکھوں گا۔ ہم سب مل کر قائداعظم کا پاکستان بنائیں گے۔ پیپلز پارٹی نے ایف سی آر جیسے ظالمانہ قانون میں ترمیم کرکے اپیل کا حق دیا۔ اس نئے پاکستان میں بنی گالہ تجاوزات حلال اور غریب کی جھونپڑی حرام ہے۔ صرف غریب عوام کیلئے ٹیکسز کا طوفان برپا ہے۔ عوام میری ہمت اور سرمایہ ہیں ہم سب ملک کو قائد اور بھٹو کا پاکستان بنائیں گے۔ بے نامی اکائونٹس حرام ہے لیکن بے نامی وزیراعظم حلال ہے۔ سلیکٹڈ اور دھاندلی زدہ حکومت نے دھاندلی کرکے بجٹ پاس کرایا۔ قبائلی علاقے کے دو ارکان اسمبلی کو بجٹ اجلاس میں آنے کا موقع ہی نہ دیا۔ لاڈلے کی آف شور کمپنی حلال اور میاں صاحب کی حرام ہے۔ پہلی بار ہوا کہ وزیراعظم نے بجٹ پر ووٹ تک نہیں دیا۔ بے روزگاری کا طوفان ہے۔ یہ کس قسم کی تبدیلی ہے۔ بڑی مشکل سے پانچ لاکھ روپے جمع کرنے والے کو آج نیازی کو جواب دینا پڑیگا، منی ٹریل دینا ہوگی۔ یہ کس قسم کی جمہوریت ہے یہ کس قسم کی آزادی ہے۔ ستر سال بعد بھی 2018ء میں ہم صاف و شفاف الیکشن نہیں کرا سکتے۔ عمران خان تو چار حلقوں کا رونا روتے تھے، الیکشن 2018 ء میں فارم 45 ملک بھر سے غائب ہے۔ میں پوچھتا ہوں عمران خان کیلئے یہ سب کیوں کیا جا رہا ہے۔ اداروں کو متنازعہ کیوں بنایا جا رہا ہے۔ عوام دشمن بجٹ میں کرپٹ لوگوں کیلئے ایمنسٹی سکیم ہے۔ علاوہ ازیں بلاول بھٹو زرداری نے مرحوم عبدالستار ایدھی کو ان کی تیسری برسی پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ عظیم پاکستانی اور دکھی انسانوں کے سہارا تھے۔ عبدالستار ایدھی نے زندگی بھر رنگ نسل اور مذہب کی امتیاز سے بالاتر ہوکر انسانیت کی خدمت کی۔