• news

یہاں تو ہر چیز میں سوموٹو ہوتا تھا آج کوئی پوچھنے والا کیوں نہیں؟ شاہد خاقان

چکوال/اٹک (اپنے نمائندو ں سے+نوائے وقت رپورٹ) اس وقت ملک میں جو حالات ہیں اس کا سبب پچیس جولائی کے الیکشن کا چوری ہونا ہے جن ملکوں میں عوام کا مینڈیٹ چوری کر لیا جائے اور ووٹ کی عزت نہ کی جائے وہ ملک اور و قوم کبھی بھی ترقی نہیں کر سکتا،یہ کہتے ہیں ہم نے احتساب کرنا ہے میں کہتا ہوں سب سے پہلے میرا احتساب کرو۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی راہنما اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے پی ایم ایل این کے ورکرز کنونشن سے دوران خطاب کیا انہوں نے کہا کہ ملک میں اس وقت جمہوریت کی آڑ میں بدترین آمریت قائم کی جارہی ہے، انتقامی سیاست کو فروغ دیا جا رہا ہے جس کے نتیجے میں ملک کا پورا جمہوری نظام خطرے میں ڈال دیا گیا ہے۔ ورکرز کنونشن میں ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب ، سیکرٹری جنرل پاکستان مسلم لیگ ن اور سابق وفاقی وزیر احسن اقبال نے بھی شرکت کی۔ ورکرز کنونشن میں میاں نوازشریف اور میاں شہباز شریف کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ڈیڑھ ہزار سے زائد پرجوش کارکنوں نے اپنی نشستوں پر کھڑے ہوکر قدم بڑھائو شریف برادران ہم تمہارے ساتھ ہیں کہ فلک شگاف نعرے لگائے۔ احسن اقبال نے اپنے خطاب میں کہا کہ مہنگائی کے سونامی میں پورے ملک کے عوام کو ڈبو دیا گیا ہے اور عوام اب خود سڑکوں پر نکلنے کیلئے تیار ہیں۔ مریم اورنگزیب نے اپنے خطاب میں کہا کہ موجودہ حکومت تمام میدانوں میں قطعی طو رپر ناکام ہوچکی ہے اور انتقام کے نشے میں اپوزیشن کو دبانے کی ناکام کوشش کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر سے کراچی تک عوام جاگ رہے ہیں اور عوامی ریلا سلیکٹڈ وزیر اعظم کو بہا کر لے جائے گا۔ قبل ازیں میجر اقبال کی رہائشگاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ سینیٹ کے انتخابات کیلیے کل تحریک عدم اعتماد جمع کروانی ہے اسکے بعد دو ہفتے کے اندر اندر ووٹنگ ہو جائے گی اگلے امیدوار کا فیصلہ رہبر کمیٹی کی میٹنگ میں کیا جائے گا۔اٹک میں ورکرزکنونشن سے خطاب کرتے ہو ئے لیگی رہنما ؤ ں نے کہا کہ مسلم لیگ ( ن ) وطن عزیز کو وزیر اعظم عمران خان کی تباہی سے بچانے کیلئے میدان عمل میں موجود ہے کیونکہ وہ ملک کی تباہی کاایجنڈالے کرآئے ہیں ہماری حکومت کوسازش کی وجہ سے ختم کیاگیا ،مسلم لیگ ( ن ) کو سی پیک اورایٹمی دھماکے کرنے کی سزا دی جارہی ہے تاہم مسلم لیگ ( ن ) عام انتخابات میں دوبارہ برسر اقتدار آ جاتی تو پاکستان ایشین ٹائیگربن جاتا ، چندناکام سیاستدانوں اور ایک ادارہ کو ٹاسک دیا گیا کہ قوم اورفوج کے درمیان نفرت پیداکی جائے آج پاکستان کے صدراوروزیراعظم جہاں جاتے ہیں وہ ڈرجاتے ہیں کہ معلوم نہیں یہ کتنے پیسے مانگیں گے عالمی سطح پر پاکستان موجودہ حکمرانوں کی پالیسی کے سبب گداگر ملک کے طور پر مشہور ہو چکا ہے حکمران ملک کشکول پکڑکر جس طرح بھیک مانگ رہے ہیں اس میں قومی غیرت اور حمیت کا جنازہ نکال دیا ہے پاکستان کی کرنسی بنگلہ دیش اور افغانستان سے بھی کمزور ہو چکی ہے وزیر اعظم عمران خان نے جو حشر پشاور میٹرو بس سروس کا کیا ہے وہی پورے ملک کا کر کے دم لیں گے ۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق چکوال میں ورکرز کنونشن ہوا۔ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ کہتے ہیں ویڈیو کا فرانزک آڈٹ کرائیں گے۔ قسم کھا کر کہتا ہوں کہ نہ وزیراعظم کو پتہ ہے نہ ان کے وزیروں کو کہ فرانزک آڈٹ کیا ہوتا ہے۔ حکومت نے نوازشریف کیلئے گھر سے آنے والا کھانا بند کردیا نوازشریف پابند سلاسل ہے۔ ان کو پتہ ہے کہ نوازشریف باہر آئے تو ان کی حکومت چلی جائے گی۔ آپ کو نوازشریف کا ڈر نہیں تھا تو اتوار کو جلسہ کیوں روکا، دبائو ڈالا جاتا ہے کہ بات کرو گے تو مقدمے بنیں گے۔ تم دبائو ڈالو ہم بات کرتے رہیں گے، مقدمے بنائو ہم بھگت لیں گے تم نہیں بھگت سکو گے۔ اٹک میں ورکرز کنونشن سے خطاب میں شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھاکہ احتساب کرنا ہے تو آغاز مجھ سے کرو، میں وزیراعظم تھا اور46 وزراء تھے۔ہم آمروں کی دھمکیوں اور جیلوں سے نہیں گھبرائے تو سلیکٹڈ سے کیا ڈریں گے۔انہوں نے کہا کہ سلیکٹڈ وزیر اعظم وہی کچھ دے سکتا ہے جو عمران خان نے ملک کو دیا ہے، آج حالت یہ ہے کہ جس کرپٹ آدمی نے جان بچانی ہے وہ تحریک انصاف میں شامل ہو جائے۔مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ویڈیو فلم میں منصف خود کہہ رہے ہیں کہ انہوں نے دبائو کے تحت فیصلہ کیا، ان کا ضمیر انہیں ملامت کرتا ہے، یہاں تو ہر چیز میں سوموٹو ہوتا تھا، تو آج کوئی پوچھنے والا کیوں نہیں؟ اس کا جواب ہے کسی کے پاس؟ اْن کا کہنا تھا کہ ہم نواز کی نہیں انصاف کی بات کرتے ہیں، آج ملک کے وزیراعظم کے کیس میں انصاف نہیں ہوسکتا تو کون سے پاکستانی کو انصاف ملے گا؟احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان پاکستان کی معاشی تباہی کا ایجنڈا لے کر آئے، ہماری حکومت کو سازش کے تحت نکالا گیا، مسلم لیگ ن کی حکومت پھر آ جاتی توپاکستان ایشیا کا ٹائیگر بن جاتا۔عمران خان ملک کو تباہی کی طرف لے جا رہے ہیں، ادب کیساتھ کہتا ہوں ملک صحیح سمت پر نہیں جا رہا۔ عمران نے لوگوں سے جھوٹ بولے، ایک سال میں 7 ہزار ارب کا قرض لیا۔ یہ قوم عمران خان آپ کو نہیں چھوڑے گی۔انہوں نے کہا کہ ہم سے 25 سال بعد بننے والا بنگلہ دیش آگے نکل گیا، پہلے یہ صورتحال نہیں تھی، اب اناڑی آ گیا ہے، اناڑی کو موٹرسائیکل دی جائے تو وہ دیوار میں ہی مارے گا۔ سی پیک منصوبہ ہمارے قائد کا پہلا گناہ تھا۔

ای پیپر-دی نیشن