کوپا امریکہ فٹ بال کپ، میزبان برازیل نویں مرتبہ چیمپئن بن گیا، پیرو کو شکست
ریوڈی جنیرو( آن لائن )برازیل کی ٹیم کوپا امریکہ فٹ بال کپ کی چیمپئن بن گئی۔ میزبان برازیل نے کوپا امریکا فٹ بال کپ کے فائنل میچ میں پیرو کی ٹیم کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست دیکر نویں مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ ایورٹن، گبریل جیسس اور ریچارلیسن نے ایک ایک گول سکور کر کے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔پیرو کی ٹیم کی طرف سے واحد گول گیریرو گونزالز نے سکور کیا۔ برازیل میں جاری ایونٹ میں کھیلے گئے فائنل میچ میں میزبان برازیل اور پیرو کی ٹیمیں آمنے سامنے تھیں۔ برازیل کی ٹیم میچ کے آغاز سے ہی حریف ٹیم پر حاوی ہوگئی۔ برازیل کے ایورٹن نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے میچ کے 15 ویں منٹ میں گول سکور کر کے اپنی ٹیم کو پیرو کی ٹیم پر 1-0 کی برتری دلادی۔اس کے بعد یرو کی ٹیم نے ایک گول سکور کرکے مقابلہ 1-1 گول سے برابر کر دیا۔ یہ گول پیرو کی طرف سے گیریرو گونزالز نے میچ کے 44 ویں منٹ پر سکور کیا۔ میزبان ٹیم کے ہی گبریل جیسس نے پہلے ہاف ختم ہونے سے قبل ایک اور گول سکور کرکے ایک مرتبہ پھر اپنی ٹیم کو پیرو کے خلاف 2-1 گول کی برتری دلا دی۔ میچ کا پہلا ہاف برازیل کی پیرو کے خلاف 2-1 گول کی برتری پر ختم ہوگیا۔دوسرے ہاف میں دونوں ٹیموں نے سخت اور دلچسپ کھیل پیش کیا۔ پیرو کی ٹیم نے برتری کو ختم کرنے کی بھرپور کوشش کی تاہم میزبان برازیل کی ٹیم نے قدرے بہتر کھیل پیش کیا۔ برازیل کے ریچارلیسن نے میچ ختم ہونے سے قبل 90 منٹ میں ایک گول سکور کر کے اپنی ٹیم کی برتری میں اضافہ کرتے ہوئے اسے 3-1 کر دیا جو کھیل کے آخر تک برقرار رہا اور یوں برازیل نے پیرو کی ٹیم کو فائنل میچ میں 3-1 گول سے ہرا کر کوپا امریکہ فٹ بال کپ کا نویں مرتبہ چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ایورٹن، گبریل جیسس اور ریچارلیسن نے ایک ایک گول سکور کر کے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ واضح رہے کہ کوپا امریکہ فٹ بال کپ کی تاریخ میں یوروگوئے کی ٹیم 15 ٹائٹلز جیت کر سب سے کامیاب ترین ٹیم ہے، ارجنٹائن کی ٹیم 14 ٹائٹلز کے ساتھ دوسرے۔ برازیلین ٹیم نے اب تک 9 ٹائٹلز جیت کر رکھے ہیں ۔ پیرو نے دو مرتبہ ٹائٹل جیت چکی ہے ۔ پیرو نے آخری مرتبہ 1975 میں کوپا امریکہ کپ کا ٹائٹل جیتا تھا۔#/s#