فردوس عاشق کی کابینہ اجلاس کے دوران طبیعت خراب، پمز منتقل، وزیراعظم کا فون
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) وفاقی کابینہ کے اجلاس کے دوران معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کی طبیعت خراب ہوگئی جس پر انہیں فوری طور پر پمز ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس جاری تھا کہ اس دوران فردوس عاشق اعوان کی طبیعت بگڑگئی، جس پر انہیں فوری طور پر پمز ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ پمز ہسپتال کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر امجد نے کہا کہ فردوس عاشق اعوان کو الرجی کا مسئلہ ہے، انہوں نے کوئی دوا استعمال کی جس پر انہیں ری ایکشن ہوگیا، معاون خصوصی کے مختلف ٹیسٹ کئے جارہے ہیں۔ بعدازاں انہیں ہسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا۔ انہیں گھر پر آرام کرنے کیلئے کہا گیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے فردوس عاشق اعوان کو ٹیلی فون کیا اور ان کی خیریت دریافت کی۔ وزیراعظم کی جانب سے فردوس عاشق اعوان کی صحت یابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا اور گلدستہ بھجوایا گیا۔ آئی این پی کے مطابق فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ مضبوط ادارے ملکی استحکام اور ترقی کے لیے ناگزیر ہیں، عمران خان نے حقداروں کو ان کا حق پہنچانا شروع کیا ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے وژن کے تحت اداروں میں ٹھوس اصلاحات اور انہیں پائوں پر کھڑا کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔ مضبوط ادارے ملکی استحکام اور پائیدار ترقی کے حصول کے لیے ناگزیر ہیں۔ پی ٹی وی پنشنرز کا دیرینہ مسئلہ حل کرتے ہوئے ریٹائرڈ ملازمین میں 85کروڑ روپے کی پنشن کی ادائیگی کر دی گئی ہے۔ پنشنرز کو ان کا حق ملنے پر مبارکباد پیش کرتی ہوں۔