ورلڈ کپ‘ بھارت نیوزی لینڈ میچ بارش سے متاثر‘ آج وہیں سے شروع ہو گا
مانچسٹر (سپورٹس رپورٹر) عالمی کپ 2019ء میں ہلکی بارش کی وجہ سے بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان سیمی فائنل میچ کا پہلا روز بارش سے متاثر ہوا۔ نیوزی لینڈ نے 46.1 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 211 رنز بنائے۔ میچ کے ریزور ڈے کے بعد آج بروز بدھ کو دوبارہ شروع ہو گا۔ نیوزی لینڈ اسی سکور سے اننگز کا آغاز کرے گی۔ تفصیلات کے مطابق مانچیسٹر کے اولڈ ٹریفورڈ گراونڈ میں کھیلے جانے والے میچ میں نیوزی لینڈ ٹیم کے کپتان کین ویلیمسن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ کیوی ٹیم کو پہلا نقصان ایک سکور پر مارٹن گپٹل کی وکٹ کی صورت میں اٹھانا پڑا۔ کیوی کپتان کین ویلیمسن اپنے اوپنر ہنری نیکولز کا ساتھ دینے کے لیے میدان میں آئے۔ دوسری وکٹ کی شراکت 68 رنز کا مزید اضافہ نیوزی لینڈ ٹیم کے سکور میں ہوا۔ اس موقع پر ہینری نیکولز 28 کے انفرادی سکور پر جدیجہ کی گیند پر کلین بولڈ آوٹ ہو گئے۔ کپتان ویلیمسن نے روز ٹیلر کے ساتھ مزید دفاعی حکمت عملی اپنائی اور 28.1 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر نیوزی لینڈ کے سکور رنز مکمل کیے۔ بعد ازاں ویلیمسن نے ون ڈے کیئر کی 39 میں نصف سنچری 79 گیندوں پر چار چوکوں سے مکمل کی۔ 134 کے ٹوٹل پر کیوی کپتان کو 67 کے انفرادی سکور پر چاہل نے جیدیجہ کے ہاتھوں کیچ آوٹ کر کے پویلین کی راہ دکھا دی۔ نیوزی لینڈ کو چوتھا نقصان 162 کے سکور پر اس وقت اٹھانا پڑا جب بھارت کے پانڈیا نے جیمز نیشام کو کارتک کے ہاتھوں کیچ آوٹ کیا۔ جیمز نیشام نے 12 رنز سکور کیے۔ نیوزی لینڈ اننگز کے 200 رنز 44.3 اوورز میں مکمل ہوئے۔ اس موقع پر کیوی کھلاڑی گرینڈ ہوم 16 کے انفرادی سکور پر بھنیشور کی گیند پر وکٹ کیپر دھونی کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہو گئے۔ اس سے قبل روز ٹیلر نے ون ڈے کیرئر کی پچاسویں نصف سنچری 73 گیندوں پر دو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے مکمل کی۔ نیوزی لینڈ اننگز کے 46.1 اوورز کا کھیل مکمل ہوا تھا کہ فیلڈ امپائرز کی جانب سے آوٹ فیلڈ گیلی ہونے کی وجہ سے میچ کو روک دیا گیا۔ اس موقع پر روز ٹیلر 67 جبکہ لیتھم 3 کے سکور پر ناٹ آؤٹ تھے۔