• news

چترال: سیلاب کی صورتحال برقرار، پاک فوج کا ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن

اسلام آباد، چترال (نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی+ صباح نیوز) چترال میں گلیشیئر ٹوٹنے کے بعد سیلابی صورتحال برقرار ہے محکمہ موسمیات نے گولن گیشیئر پھٹنے اور پھیلنے کی اطلاع دیدی تھی۔ نجی ٹی وی کے مطابق حکومت نے نہ کوئی نوٹس لیا اور نہ ہی کوئی پیشگی اقدامات کئے، جبکہ محکمہ موسمیات نے 18 جون کو گلیشیئر کی سیٹلائٹ تصاویر جاری کی تھیں ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کا چترال گولن کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن جاری ہے۔ پاک فوج چترال اور گولن میں سول انتظامیہ کی مدد کر رہی ہے متاثرہ آبادی کو بذریعہ ہیلی کاپٹرز محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔ متاثرین کو ٹینٹ اور راشن فراہم کر دیا گیا۔ میڈیکل ٹیمیں بھی موجود ہیں ۔ ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق 22 مریضوں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے نکالا گیا ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنرز کو بھی بذریعہ ہیلی کاپٹ نکالا گیا وہاں سڑکوں کی بحالی کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے، دو سے تین رورز میں سڑکیں بحال ہونے کا امکان ہے ۔ ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق دریائے کابل میں نوشہرہ کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے۔ ترجمان کے مطابق دریائے سندھ پر چشمہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے دریائے چناب راوی کے برساتی نالوں اور آئندہ 24 گھنٹوں کے درمیان سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔

ای پیپر-دی نیشن