نواز شریف کھانے سے انکار کے بعد 2 روز سے صرف پھل کھا رہے ہیں
لاہور (میاں علی افضل سے) کوٹ لکھپت جیل میں سابق وزیراعظم نواز شریف کے کھانا کھانے سے انکار کے بعد 2 روز سے صرف پھل کھا رہے ہیں۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ نواز شریف کی جانب سے جیل حکام سے کہا گیا ہے کہ ڈاکٹروں نے ہدایت کی ہے کہ تازہ کھانا کھایا جائے اور میں پہلے سے تیار شدہ کھانا نہیں کھا سکتا۔ اسلئے صرف پھل کھانے پر مجبور ہیں۔ دوسری جانب جیل انتظامیہ کی جانب سے نواز شریف کو کچا راشن اور گوشت فراہم کرنے کی اجازت دیدی گئی اور نواز شریف کو یہ سہولت دیدی گئی ہے کہ اپنے گھر سے ملنے والے راشن سے اپنی پسند کا کھانا خود بنا سکتے ہیں۔ دوسری جانب نواز شریف کو جیل میں فراہم کی جانیوالی بی کلاس کی سہولت بھی واپس لینے پر غور کیا جا رہا ہے اور ان کو ایک عام قیدی کی طرح جیل میں رہنا پڑے گا۔ تاہم اس حوالے سے محکمہ داخلہ پنجاب حتمی فیصلہ کرے گی۔ جیل انتظامیہ کی جانب سے جیل کی سیکیورٹی میں غیرمعمولی اضافہ کر دیا گیا ہے۔ جیل کی سی سی ٹی وی کیمروں سے مکمل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے جبکہ جیل کو متعلقہ تھانوں سے منسلک کر دیا گیا تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بر وقت سیکیورٹی کی آمد کو ممکن بنایا جا سکے۔ اس کیساتھ ساتھ جیل میں سینئر ڈاکٹروں کو بھی 24 گھنٹے مختلف شفٹوں میں تعینات کیا گیا۔