امریکی محکمہ خارجہ عمران خان کے دورہ سے لاعلم وزیراعظم روس نہیں جا رہے: ترجمان پاکستانی دفتر خارجہ
اسلام آباد + واشنگٹن (سٹاف رپورٹر + نوائے وقت رپورٹ) امریکہ نے وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکہ سے لاعلمی کا اظہار کر دیا۔ امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ علم نہیں کہ وزیراعظم عمران خان اس ماہ امریکہ کا دورہ کر رہے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کے دورے کی تصدیق وائٹ ہاؤس سے کریں۔ دوسری جانب ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے ان اطلاعات کی تردید کر دی ہے، کہ وزیراعظم عمران خان روس میں ہونے والی ایسٹرن اکنامک فورم میں شرکت کریں گے۔ ڈاکٹر فیصل نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ میڈیا پر خبریں گردش کررہی ہیں کہ وزیراعظم عمران خان روس میں ایسٹرن اکنامک فورم (ای ای ایف) میں شریک ہوں گے۔ جو کہ محض افواہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور روس اب بھی اعلیٰ سطح کی ملاقاتوں کے لیے رابطے میں ہیں، اس سے متعلق جو بھی طے پائے گا اس کا مناسب وقت پر باقاعدہ اعلان کیا جائے گا۔ خیال رہے کہ چند روز پہلے یہ خبر سامنے آئی تھی کہ روسی صدر پیوٹن نے وزیراعظم عمران خان کو دورہ روس کی دعوت دی ہے۔ اور یہ دعوت بشکک میں ایس سی او سمٹ کے دوران دی گئی تھی۔ جسے وزیراعظم نے قبول کرلیا۔