ورلڈ کپ: آسٹریلیا‘ انگلینڈ دوسرے سیمی فائنل میں کل مدمقابل
لندن (سپورٹس رپورٹر) عالمی و دفاعی چیمپئن آسٹریلیا اور انگلینڈ کی ٹیموں کے درمیان بارہویں آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کا دوسرا سیمی فائنل میچ کل برمنگھم کے مقام پر کھیلا جائے گا۔میچ پاکستانی وقت کے مطابق دن اڑھائی بجے شروع ہوگا۔ انگلینڈ میں رواں ورلڈ کپ ٹورنامنٹ اختتامی مراحل کی طرف گامزن ہے اور 10 ٹیموں میں سے چار ٹیموں آسٹریلیا، انگلینڈ، نیوزی لینڈ اور بھارت نے ٹاپ فور میں جگہ بنائی تھی، آسٹریلوی ٹیم کو آخری میچ میں جنوبی افریقہ کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تاہم آسٹریلوی ٹیم پہلے سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کر چکی تھی۔ لیگ میچز کے بعد کینگروز ٹیبل پر دوسرے نمبر پر رہے تھے۔ آسٹریلیا کا مقابلہ تیسرے نمبر پر موجود انگلینڈ سے ہے۔ عالمی و دفاعی چیمپئن آسٹریلیا کی ٹیم اس سے قبل سب سے زیادہ پانچ مرتبہ ورلڈ کپ ٹائٹل حاصل کر چکی ہے اور چھٹی مرتبہ یہ ٹائٹل انے نام کرنے کے لئے پرعزم ہے۔ دوسری جانب میزبان انگلینڈ کی ٹیم آسٹریلیا کے خلاف سیمی فائنل میچ میں کامیابی کے لئے بے تاب نظر آرہی ہے۔ دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے سیمی فائنل میچ میں کامیابی کے لئے بیانات دیئے ہیں اور توقع کی جارہی ہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان میگا ایونٹ کا دوسرا سیمی فائنل میچ انتہائی سخت اور کرنٹے دار ہوگا اور شائقین کرکٹ کو ایک اچھا میچ دیکھنے کو ملے گا۔ واضح رہے کہ دو ٹاپ ٹیموں کے درمیان فائنل 14 جولائی کو لارڈز میں کھیلا جائے گا۔