اسحاق ڈار کیخلاف اثاثہ جات کیس تفتیشی افسر نے بیان قلمبند کرا دیا
اسلام آباد (نامہ نگار) اسلام آباد کی احتساب عدالت میں سابق وزیر خزانہ اسحق ڈار کے خلاف آمدنی سے زائد اثاثہ جات کے ضمنی ریفرنس میں کیس کے تفتیشی افسر نادر عباس نے بیان قلمبند کروا دیا ہے۔ گزشتہ روز احتساب عدالت نمبر1 میں سابق وزیر خزانہ اسحق ڈار کے خلاف آمدنی سے زائد اثاثہ جات کے ضمنی ریفرنس پر سماعت ہوئی۔ سماعت احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے کی۔ سماعت کے دوران شریک ملزمان نعیم محمود، منصور رضا رضوی اور سابق صدر نیشنل بینک سعید احمد عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔ کیس کے تفتیشی افسر نادر عباس نے اپنا بیان قلمبند کروا دیا۔عدالت نے مزید سماعت 17جولائی تک ملتوی کردی، آئندہ سماعت پر تفتیشی افسر نادر عباس پر وکیل صفائی جرح کریں گے۔ خیال رہے کہ اس سے قبل اسحق ڈار کے اکاؤنٹس سے 36 کروڑ روپے پنجاب حکومت کو منتقل کیے جاچکے ہیں۔ اسحق ڈار کے مختلف کمپنیوں کے بینک اکانٹس چند ماہ پہلے منجمد کیے گئے تھے۔ اس سے قبل بھی عدالت کے حکم پر اسحق ڈار کی جائیداد قرق کی جاچکی ہے۔