• news

اینکر مرید عباس سپرد خاک، 20 کروڑ کی سرمایہ کاری کا جھگڑا تھا: ذرائع

چکڑالہ (نامہ نگار) نجی ٹی وی کے اینکر مرید عباس کھر جو دو روز قبل کراچی میں قتل ہو گئے تھے گزشتہ رات انکی میت آبائی شہر پپلاں پہنچی۔ ان کی نماز جنازہ رات 10 بجے ادا کی گئی۔ جس کے بعد انہیں پپلاں کے مقامی قبرستان میں سپردخاک کر دیا گیا۔ نماز جنازہ میں بڑی تعداد میں سیاسی و سماجی و صحافتی شخصیات اور اہل علاقہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔کراچی میں منگل کی رات قتل کیے گئے ٹی وی اینکر مرید عباس اور خضر حیات کے قتل کی گتھیاں سلجھنے لگی ہیں۔ واردات کی سی سی ٹی وی وڈیو بھی منظر عام پر آگئی ہے جس میں مرکزی ملزم عاطف زمان اپنے دفتر میں موجود مرید عباس کو قتل کرنے کے بعد خضر نامی دوسرے شخص کو قتل کرنے عمارت سے باہر جارہا ہے، ملزم کا بھائی عدنان زمان بھی اس کے ساتھ ہے۔اس لرزہ خیز واردات کی وجہ ملزم عاطف زمان کے ٹائروں کا بزنس بنا، ملزم نے اپنے کاروبار میں مرید عباس سمیت کئی افراد سے 20 کروڑ روپے سے زائد کی سرمایہ کرا رکھی تھی۔سرمایہ کاری پر منافع ہر ماہ دیا جاتا تھا تاہم سمگل شدہ ٹائروں کی بڑی کھیپ پکڑی گئی تو بڑا نقصان ہوا جس کے بعد گزشتہ 3 ماہ سے منافع کی ادائیگی بند تھی۔سرمایہ کاروں نے تنگ کرنا شروع کیا تو ملزم عاطف نے انہیں اپنے دفتر بلا کر قتل کرنے کا منصوبہ بنایا۔منگل کی شب ملزم نے مرید عباس اور خضر حیات سمیت 5 افراد کو فون کیا جس میں سے 3 اس کے جھانسے میں آکر دفتر پہنچے اور 2 مارے گئے جب کہ عمر ریحان فرار ہونے میں کامیاب رہا۔کراچی میں اینکر کو قتل کرنے کے واقعے کی ویڈیو سامنے آگئی۔پولیس نے ملزم عاطف زمان کے کال ریکارڈ سے 35 افراد کی تفصیلات حاصل کی ہیں۔دوسری جانب ملزم عاطف کو نجی سپتال میں ہوش آگیا ہے اور اس نے پولیس کو اپنے ابتدائی بیان میں لین دین کے معاملے کے تصدیق کی ہے۔دہرے قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جب کہ مرکزی ملزم کا بھائی عدنان زمان روپوش ہوگیا ہے جس کی تلاش جاری ہے۔

ای پیپر-دی نیشن