• news

18 برس سے زائد کے مسافروں کو 60 ہزار ڈالر تک سالانہ بیرون ملک لے جانے کی اجازت

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)پاکستان کسٹمز نے بیرون ملک سفر کرنے والے مسافروں کے لیے نئی ایڈوائزری جاری کردی ہے، ایڈوائزری کے مطابق 5 سال تک کے بچے کے لیے ایک ہزار سے 6 ہزار ڈالر تک سالانہ زرمبادلہ ساتھ لے جانے کی اجازت ہوگی جبکہ 5 سے 18 سال تک کے مسافر 5 سے 30 ہزار ڈالر تک سالانہ زرمبادلہ لے جاسکیں گے، ٹریول ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ 18 سال سے زائد عمر کے مسافر 10 سے 60 ہزار ڈالر سالانہ تک زرمبادلہ ساتھ لے جاسکتے ہیں۔ بیرون ملک جانے والے مسافروں کے لیے ایکسپورٹ پالیسی پروسیجر آرڈر کے تحت کچھ پابندیاں بھی لگائی گئی ہیں، جس کے تحت 3 ہزار پاکستانی روپے سے زائد باہر نہیں لے جاسکیں گے۔ اس کے علاوہ سونا، چاندی، پلاٹینئم، ہیرے، جواہرات، نوادرات اور آثار قدیمہ سے متعلق اشیا ساتھ لے جانے پر پابندی ہوگی۔ نشہ آور اشیا، ملکی مفادات کے خلاف لٹریچر، ٹاکسک اور کیمیکل اجزا، نقلی یا جعلی سامان بھی سفر میں ساتھ نہیں لے جاسکیں گے، اس کے علاوہ وزارت دفاع کے این او سی کے سوا اسلحہ، ہتھیار، کیمیائی، ایٹمی تابکاری سے متعلق اشیاء بھی سفر میں ساتھ لے جانا ممنوع ہوگا۔ ایڈوائزری کے مطابق قرنطینہ سرٹیکفیٹ کے بغیر پالتو کتے، بلیاں بھی سفر میں ساتھ نہیں لے جاسکیں گے۔ وزیر اعظم کی ہدایت پر ایک ازالہ شکایت سیل بھی قائم کردیا گیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن