• news

17 فیصد جی ایس ٹی کا نفاذ: آٹا 550، میدے کی بوری 700 روپے مہنگی

لاہور (کامرس رپورٹر+ نیٹ نیوز) فلور ملز ایسوسی ایشن نے حکومت کی جانب سے 17فیصد جنرل سیلز ٹیکس جی ایس ٹی کے نفاذ کے بعد آٹے کی قیمت میں اضافہ کر دیا۔ چیئرمین فلور ملز ایسوسی ایشن عاصم رضا کے مطابق آٹے کی 80 کلو والی بوری میں 550 روپے اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد 2 من آٹے کی بوری 2800 سے بڑھ کر 3350 روپے کی ہو گئی۔ انہوں نے بتایا کہ فائن میدے کی بوری پر 700 روپے کا اضافہ کیا گیا جس کے بعد اب بوری 3900 سے بڑھ کر 4600 روپے کی ہوگئی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے 17 فیصد جی ایس ٹی کے نفاذ کے بعد قیمت بڑھانا ضروری ہو گیا تھا۔ یاد رہے کہ گزشتہ دنوں حکومت کی جانب سے بجلی اور گیس کی قیمتوں میں بھی اضافہ کیا گیا ہے جبکہ ٹیکسز کی بھر مار کے خلاف ملک بھر کے تاجر سراپا احتجاج ہیں۔ تاجروں نے 13 جولائی کو ملک بھر میں شٹر ڈائون ہڑتال کا اعلان بھی کر رکھا ہے۔ ادھر پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن (پنجاب) کے چیئرمیں حبیب الرحمن خان لغاری نے کہا ہے کہ حکومت نے آٹا، میدہ، فائن اور چوکر پر 17فیصد سیلز ٹیکس عائد کر دیا ہے جس سے ملک بھر میں مہنگائی کا سیلاب اُمڈ آئے گا۔ روٹی، نان اور بیکری کی مصنوعات عوام کی پہنچ سے باہر ہو جائیں گی۔ پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن نے ملک بھر سے سینٹرل باڈی کا ہنگامی اجلاس کل 12 جولائی کو لاہور آفس میں طلب کر لیا۔ چیئرمین حبیب الرحمن خان لغاری نے بیان میں کہا آٹا، میدہ ، فائن اور چوکر پر 17 فیصد سیلز ٹیکس لگا کر غریب عوام کے ساتھ بہت بڑی زیادتی کی ہے کیونکہ سارا بوجھ غریب عوام کو ہی برداشت کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کی جانب سے 17 فیصد سیلز ٹیکس عائد کئے جانے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کے حوالے سے سندھ، بلوچستان، کے پی کے اور پنجاب بھر سے سینٹرل ایگزیکٹو باڈی کا اجلاس 12 جولائی کو ہوگا جس میں اہم فیصلہ کیا جائے گا جس کا اعلان اسی دن سہ پہر 4 بجے اہم پریس کانفرس میں کیا جائیگا۔

ای پیپر-دی نیشن