• news

جج کی ویڈیو آنے کے بعد نواز شریف غیر قانونی حراست میں ہیں: شاہد خاقان

اسلام آباد، حافظ آباد، سانگلہ، پنڈی بھٹیاں، خانقاہ ڈوگراں، ونیکے تارڑ (آصف محمود نظامی، وقائع نگار خصوصی، نامہ نگار، نمائندہ نوائے وقت) سابق وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی، سابق وزیر احسن اقبال اور مسلم لیگ ن کے دیگر رہنما سابق ایم پی اے میاں طارق محمود کی عیادت اور ان سے اظہار یکجہتی کیلئے گزشتہ روز ڈنگہ میں ان کی رہائش گاہ پر آئے۔ اس موقع پر علاقہ بھر کے سینکڑوں افراد بھی موجود تھے۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ جب ملک کے وزیراعظم کی زبان تشدد پر اکسانے والی ہو تو حکمران اتحاد میں شامل چہرے وہی کریں گے جو میاں طارق محمود کے ساتھ کیا گیا۔ یاد رہے کہ 6بار ایم پی اے بننے والے میاں طارق محمود پر چند روز قبل مبینہ طور پر چودھری برادران کے قریبی افراد نے حملہ کرکے میاں طارق محمود اور ان کے گن مین کو شدید زخمی کر دیا تھا۔ تھانہ کنجاہ میں مقدمہ درج ہے لیکن میاں طارق محمود پولیس کی تفتیش سے مطمئن نہیں۔ شاہد خاقان عباسی نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم اقتدار نہیں بلکہ عوام کے مسائل کے حل کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ عوام کا حق چھینا جا رہا ہے۔ پارلیمان کی بالادستی سے ملک چلتے ہیں۔ سلیکٹڈ وزیراعظم نے ملک تباہ کر دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ویڈیو آنے کے بعد سے نوازشریف اب غیر قانونی طور پر جیل میں ہیں۔ دریں اثناء حافظ آباد میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ہر شخص یہ کہہ رہا ہے کہ وزیراعظم سے جان چھڑوائیں، عمران خان سلیکٹڈ بن چکے ہیں، دو گھنٹے وفاقی کابینہ اجلاس میں بحث کی گئی کہ مریم نواز کی آواز کو دبایا جائے آج ملک کی معیشت تباہ ہو چکی، جنہیں ملک کی معیشت ،غریب کے مسائل کا خیال نہیں وہ ملک نہیں چلا سکتے، احسن اقبال نے کہا کہ یہ حکومت زراعت دشمن اور غریب دشمن ہے، عمران خان نے آج تک الیکشن کمیشن میں وضاحت نہیں دی ، حکومت نے ملک کو تباہ کر دیا ہے، مریم اورنگزیب نے کہا کہ وہ وقت دور نہیں جب عوام کی طاقت کوٹ لکھپت جیل کا تالا توڑے گی اور نواز شریف باہر آجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے بجٹ کو 100ارب کر دیا تھا لیکن اس حکومت نے آکر 22ارب روپے اس میں بھی کم کر دیئے ہیں جبکہ جو نوجوانوں سے تعلیم چھین لے وہ پاکستان کا دشمن ہے۔ احسن اقبال نے کہا کہ ہم پاکستان بچانے نکلے ہیں، عمران خان نے آج تک الیکشن کمیشن میں وضاحت نہیں دی ، نواز شریف اس دھرتی کا بیٹا ہے وہ اس عمر میں جیل میں ہے، اس حکومت نے ملک کو تباہ کر دیا ہے۔کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کی رہنما و سابق وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان تم نالائق ہو، نا اہل ہو، سلیکٹڈ ہو، وہ وقت دور نہیں جب عوام کی طاقت کوٹ لکھپت جیل کا تالا توڑے گی اور نواز شریف باہر آجائے گا، نواز شریف موجودہ حکمرانوں کی طرح بھیک نہیں مانگتے تھے اور نواز شریف کے دور میں جب ملک ترقی کر رہا تھا تو کنٹینر میں چڑھ کر گالیاں دی جاتی تھیں۔ مسلم لیگ ن کے ورکرز کنونشن حافظ آباد میںپنڈی بھٹیاں سے امیدوار پی پی 71 چودھری شعیب شفیق آرائیں سابق چیئرمین چودھری بابر شفیق آرائیں کی قیادت میں سینکڑوں گاڑیوں کا قافلہ نے شرکت کی۔ قبل ازیں انہوں نے مرکزی رہنماؤں شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال، مریم اورنگزیب کا کوٹ سرور انٹر چینج پر شاندار استقبال کیا اور رہنماؤں کو ایک بہت بڑے قافلہ کے ساتھ حافظ آباد لے گئے۔ ورکز کنونش سے سابق ایم این سائرہ افضل تارڑ ، سابق ایم این میاں شاہد حسین بھٹی، ایم پی اے ڈاکٹر مظفر علی شیخ، رائے قمر عباس کھرل ،چوہدری بابر شفیق آرائیں کے علاقہ دیگر مقامی رہنمائوں نے خطاب کیا ورکر کنونشن میں مقامی سیاستدانوں سمیت مرکزی قیادت کی خصوصی شرکت ورکرز سے خطابات، مرکزی قیادت کی آمد پر شہر بھر میں جگہ جگہ استقبال، ریلی کی شکل میں مہمانوں کو جلسہ گاہ تک لایا گیا۔ مسلم لیگ ن کی مرکزی قیادت پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کنونشن میں گو نیازی گو کے نعرے گونجتے رہے، ضلع بھر کے ورکرز کی بھر پور شرکت ورکرز کا جم غفیر سٹیج تک آپہنچا تھا۔ کنونشن کے دوران شہر بھر میں گیپکو کی جانب سے بجلی کی بار بار بندش جاری رہی جس پر لیگی راہنمائوں کا شدید احتجاج شیم شیم کی نعرے بازی۔ مقامی مسلم لیگ کے زیر اہتمام اور ایم این اے سردار عرفان ڈوگر کی زیر صدارت دیوان شیراز شادی ھال میں ورکرز کنونشن کا اہتمام کیا گیا۔ کنونشن سے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی، جنرل سیکرٹری احسن اقبال اور مریم اورنگ زیب نے خطاب کیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ آج تحریک انصاف کی غلط اقتصادی پالیسی کی وجہ سے کاوبار ٹھپ ہو چکے ہیں۔ملک کو صرف مسلم لیگ ہی اقتصادی طور پر مضبوط کر سکتی ہے۔ ملک ارشد جج نے بھی اقرار کیا ہے کہ اس نے نواز شریف کے خلاف دباو میں آکر فیصلہ دیا ہے۔ اس سے پہلے جب مسلم لیگ کے قائدین ورکر کنونشن پہنچے تو مقامی ایم این اے سردار عرفان ڈوگر۔ ایم پی اے سجاد حیدر گجر سمیت سینکڑوں ورکروں نے شاندار استقبال کیا۔ مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے سانگلہ ہل میں ورکرز کنونشن سے خطاب میں کہا ہے کہ سلیکٹڈ وزیراعظم کو مسلط کرنے کیلئے الیکشن 2018ء میں دھاندلی کی گئی اس گرمی میں حکومت اور اقتدار کی جنگ لڑنے نہیں آتے۔ ہم دھرنے نہیں دینا چاہتے نظام چلنا چاہئے ایک سال میں اناڑی وزیراعظم نے ثابت کر دیا کسی دشمن کی ضرورت نہیں۔

ای پیپر-دی نیشن