• news

ڈالر 80 پیسے‘ سونا 1300 روپے تولہ مہنگا‘80,300 روپے تولہ ہو گیا

لاہور (کامرس رپورٹر) آئی ایم ایف سے 99 کروڑ ڈالر ملنے کے باوجود گزشتہ روز انٹر بنک میں ڈالر 51 پیسے اور اوپن مارکیٹ میں 80 پیسے مہنگا ہو گیا ہے۔ مارکیٹ میں ٹریڈنگ کے دوران روپے کی قدر میں کافی اتار چڑھاؤ دیکھا گیا۔ انٹر بنک مارکیٹ میں ڈالر 158 روپے 20 پیسے تک فروخت ہوا۔ تاہم سٹیٹ بینک کے مطابق انٹر بنک مارکیٹ میں کاروبار کے اختتام پر ڈالر کی قدر 51 پیسے کے اضافے سے 157 روپے 88 پیسے رہی۔ یورو 96 پیسے مہنگا ہو کر 177 روپے 18 پیسے اور برطانوی پائونڈ ایک روپے 5 پیسے مہنگا ہو کر 197 روپے 18 پیسے کا ہو گیا۔ ایکس چینج کمپنیز ایسوسی ایشن کے مطابق کاروباری اوقات کے اختتام پر اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت فروخت 80 پیسے کے اضافے سے 158 روپے 50 پیسے ہو گئی ہے۔ یورو کی قیمت فروخت 50 پیسے کے اضافے سے 178 روپے اور برطانوی پائونڈ کی قیمت 50 پیسے کے اضافے سے 198 روپے ہو گئی ہے۔ سونے کی فی تولہ قیمت 1300روپے اضافے کے ساتھ 80 ہزار 300 روپے کی سطح پر پہنچ گئی۔ ڈالر کی اڑتی اڑان نے سونے کی قیمت کو بھی پر لگا دیئے اور مقامی صرافہ مارکیٹوں میں ایک ہی دن میں سونے کی فی تولہ اور دس گرام قیمت میں بالترتیب 1300روپے اور 1114روپے کا اضافہ ہوگیا، دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی فی اونس قیمت 4 ڈالر اضافے کے ساتھ 1396روپے ہوگئی۔ ڈالر کی قدر میں اضافے اور عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت بڑھنے کے بعد کراچی، حیدرآباد، سکھر، ملتان، لاہور، فیصل آباد، راولپنڈی، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت اضافے کے بعد 80 ہزار 300 روپے اور دس گرام سونے کی قیمت 68 ہزار 844 روپے ہوگئی۔

ای پیپر-دی نیشن