• news

شیخ رشید کے وزیر بننے کے بعد 79 ٹرین حادثات، رحیم یار خان میں 4 واقعات کوئی انکوائری رپورٹ آئی نہ کسی کو سزا ملی

رحیم یار خان، لاہور(احسان الحق سے،سٹاف رپورٹر‘ آ ئی این پی) وزیر ریلوے شیخ رشید کے وزارت ریلوے کا قلمدان سنبھالنے کے بعد سے ریلوے ٹرین حادثات میں روز بروز اضافہ ہوتا جارہا ہے اور اب تک 79 حادثات ہوچکے ہیں۔ ذرائع کے مطا بق اگست 2018 سے جولائی 2019 تک ٹرینوں کے 79 چھوٹے بڑے حادثات ہوچکے ہیں جس میں انسانی جانوں کے ساتھ ساتھ محکمہ کو کروڑوں روپے کا نقصان بھی برداشت کرنا پڑا۔ رحیم یار خان سے احسان الحق کے مطابق ضلع رحیم یار خان بدقسمتی سے ٹرین حادثوں کا گڑھ بن گیا۔ پچھلے تین ماہ کے دوران رحیم یار خان کے نواحی قصبے ترنڈہ سوائے خان کے نزدیک مال گاڑی کے 32 بڑے حادثے جبکہ تحصیل خان پور کی حدود میں مال گاڑی کا ایک بڑا حادثہ رونما ہوچکا ہے۔ آج تک نہ تو کوئی انکوائری رپورٹ سامنے آسکی اور نہ ہی کسی کو ان حادثوں کا ذمہ دار قرار دے کر کوئی سزا دی گئی۔ خیال ظاہر کیا جارہا ہے کہ گزشتہ روز بھی ہونے والے حادثے کی بھی کوئی انکوائری رپورٹ سامنے نہیں آئی۔

ای پیپر-دی نیشن