• news

جج کے منصب سے ہٹنے پر نواز شریف کو فوری رہا کیا جائے: شہباز شریف

لاہور ( نیوز رپورٹر+وقائع نگارخصوصی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ احتساب عدالت کے جج کو ہٹانے کے بعد نواز شریف کے خلاف فیصلہ کالعدم ہو چکا ہے، جج کے منصب سے ہٹنے کے بعد نوازشریف کو فی الفور رہا کیا جائے۔ احتساب عدالت کے جج کو ہٹانے پر جمعہ کو اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ نوازشریف کو جیل میں ایک منٹ بھی رکھنا اب غیر قانونی ہے۔ سچائی ثابت ہونے پر اللہ تعالی کا شکر ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ جج کوہٹانے کے فیصلے سے ویڈیو اور اس سے جڑے تمام حقائق سچ ثابت ہوگئے ہیں۔ نواز شریف کے خلاف دباؤ کے تحت دیے گئے فیصلے کالعدم قرار دیئے جائیں۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے میر حاصل خان بزنجو کو ٹیلی فون کیا اور انہیںچیئرمین سینٹ کا امیدوار نامزد ہونے پر مبارکباد دی۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کا بلوچستان کے امیدوار پر اتفاق وفاق پاکستان کی مضبوطی کے لئے ہے۔ شہباز شریف نے رہبر کمیٹی کی جانب سے میر حاصل خان بزنجو کو چیئرمین سینٹ کے عہدے کے لئے نامزدگی پر کہا ہے کہ اپوزیشن کے مشترکہ امیدوار کے طور پر میر حاصل بزنجو کی نامزدگی سے ایک نئی تاریخ رقم ہوئی ہے۔ ان کے سیاسی تجربہ سے ملک اور قوم کو فائدہ ملے گا۔ میر حاصل بزنجو بطور چیئرمین سینٹ آئین اور قانون کی بالاد ستی اور وفاق پاکستان کی مضبوطی کی علامت بن کر ابھریں گے ۔ میر حاصل بزنجو کی کامیابی کے لئے بھر پور کردار ادا کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن