• news

یوتھ فیسٹیول کرپشن، زیر حراست 5 شریک ملزم نیب کے حوالے

لاہور (اپنے نامہ نگار سے ) احتساب عدالت نے یوتھ فیسٹیول میں کرپشن اورغیر قانونی ٹھیکے دینے کے الزام میں گرفتارپانچ شریک ملزموں کو14روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا ۔ احتساب عدالت کے جج امیر محمد خان نے کیس کی سماعت کی،تفتیشی افسر نے کہا گرفتار ملزموں نے یوتھ فیسٹیول کے مختلف ٹھیکوں میں پیپرا رولز کی خلاف ورزی کی، جس سے سرکاری خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچا، گینز بک میں کوئی ریکارڈ درج نہیں ہوا، یہاں جعلی نمائندے پیش کئے گئے،چیزوں کی خریداری غیررجسٹرڈ فرضی کمپنیوں سے کی گئی،سپورٹس یونیفارم، کھانے اور میڈیا ایڈورٹائزنگ کے ٹھیکے پیپرا رولز کے برعکس دئیے گئے، ملزموں کے وکیل نے کہا معاملے سے عثمان انور کاکوئی تعلق نہیں ۔ الزامات بے بنیاد ہیں،تاہم عدالت نے 5 شریک ملزموں کا 14 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا،گرفتار ملزم طارق مقصود ،ولایت علی شاہ، وسیم، عمران اور احسان الحق جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا گیا،عدالت نے ملزموں کو چھبیس جولائی کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دے دیا،سابق ڈی جی سپورٹس بورڈعثمان انورپہلے ہی جسمانی ریمانڈ پر نیب کی تحویل میں ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن