• news

ہر شہر قصبے کی ترقی چاہتا ہوں: عثمان بزدار

لاہور+ شیخوپورہ+ بھکھی+ فیروز وٹواں+ ننکانہ صاحب (نیوز رپورٹر+ نامہ نگاران) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ننکانہ صاحب کا دورہ کیا۔ وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈیئر (ر) اعجاز شاہ، ارکان اسمبلی اور مقامی انتظامیہ نے وزیراعلیٰ کا استقبال کیا۔ عثمان بزدار نے ننکانہ صاحب کے پہلے ٹی ڈی سی پی موٹل کا افتتاح کیا۔ ننکانہ صاحب میں ٹی ڈی سی پی موٹل 13 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کیا گیا ہے۔ ننکانہ صاحب میں ٹی ڈی سی پی موٹل مذہبی سیاحتی فروغ کا باعث ہوگا۔ موٹل میں سیاحوں کیلئے جدید ترین سہولتوں سے آراستہ 14 گیسٹ روم، 4 سوئیٹ، ریسٹورنٹ، کانفرنس ہال اور دیگر سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ٹی ڈی سی پی موٹل میں سکھ زائرین اور دیگر سیاحوں کو قیام و طعام کی عمدہ سہولت میسر ہوگی۔ حکومت پنجاب مذہبی رواداری کی پالیسی کے تحت سکھ برادری کو ان کے مذہبی مقامات پر بہترین سہولتیں فراہم کر رہی ہے۔ وزیراعلیٰ نے پنجاب میں اپنی نوعیت کی پہلی بابا گورو نانک یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھا۔ یونیورسٹی 10 ایکڑ زمین پر تقریباً6 ارب روپے کی لاگت سے مکمل کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ یونیورسٹی وزیراعظم کے وعدوں کی تکمیل کی جانب ایک اور قدم ہے۔ عثمان بزدار نے ننکانہ صاحب شہر کی داخلی سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے اور شاہ کوٹ تحصیل کمپلیکس کی تعمیر کے پراجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ عثمان بزدارکے اعزاز میں ننکانہ صاحب میں وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈیئر (ر) اعجاز شاہ کی طرف سے ظہرانہ دیا گیا، وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب کے تمام علاقوں کو ترقی کے سفر میں یکساں طورپر شریک رکھا جائے گا۔ ہر شہر، ہر قصبے اور ہر گاؤں کی ترقی چاہتا ہوں۔ ننکانہ صاحب جیسے نظرانداز اضلاع کو ترقی یافتہ شہروں کے برابر لائیں گے۔ وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے ننکانہ صاحب آمد پر وزیراعلیٰ پنجاب کا شکریہ ادا کیا۔ عثمان بزدار نے شیخوپورہ کے علاقے بھکھی میں قائداعظم تھرمل پاور پلانٹ کا دورہ کیا۔ سیکرٹری توانائی نے وزیراعلیٰ کو پلانٹ سے بجلی کی پیداوار اور ترسیل کے بارے میں بریفنگ دی۔ وزیراعلیٰ کو پلانٹ کے با رے میں دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔ وزیراعلیٰ نے پاور پلانٹ کے ایڈمن بلاک کے احاطے میں پودا بھی لگایا اور شجرکاری مہم کی کامیابی کیلئے دعا مانگی۔ عثمان بزدار نے سپورٹس کمپلیکس شیخوپورہ کی تعمیر کے منصوبے کا افتتاح کیا۔ سپورٹس کمپلیکس تقریباً 39 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا گیا ہے اور 19 ایکڑ اراضی پر محیط سپورٹس کمپلیکس میں ہاکی، فٹ بال، ٹینس، باسکٹ بال، والی بال اور بیڈمنٹن کے کھیلوں کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ نے پرانے نالہ ڈیک کی بحالی کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا۔ عثمان بزدار نے اجلاس سے خطاب میں کہا قائداعظم تھرمل پاور پلانٹ قومی منصوبہ ہے اور اس پلانٹ سے متعلقہ ایشوز جلد حل کئے جائیں گے اور اس ضمن میں چیف سیکرٹری کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی جا چکی ہے، بورڈ کے ارکان کا جلد تقرر کیا جائے گا اور پاور پلانٹ کی نجکاری کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ سے شیخوپورہ سے تعلق رکھنے والے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی نے بھی ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ آپ سے ملاقاتوں اور مشاورت کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔ عوام کی خدمت ہی ہمارا ایجنڈا ہے۔ماضی میں قومی خزانہ ذاتی عیاشیوں پر نہ اڑایا جاتا تو پاکستان کی حالت آج یہ نہ ہوتی۔ ہم قومی خزانہ کی ایک ایک پائی کے امین ہیں اور کسی کو قومی خزانے میں خیانت کی اجازت نہیں دیں گے۔ عثمان بزدار نے قومی ہاکی ٹیم کے سابق کپتان عبدالحمید حمیدی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن