• news

شمالی وزیرستان میں قیام امن کیلئے قومی امن جرگہ کی ثالثی کی پیشکش

اسلام آباد(صباح نیوز) وزیرستان میں قیام امن کیلئے وزیرستان قومی امن جرگہ نے اپنی خدمات پیش کردیں، شمالی وزیرستان میں کشیدگی کو دور کرنے کیلئے ثالثی اور مصالحت کیلئے کردار ادا کرنے کو تیار ہیں، ہماری کوشش ہے کہ دونوں فریق مل بیٹھیں اور قانون کے مطابق معاملات کا حل نکالا جائے، وزیرستان قومی جرگہ نے یہ یقین دہانی گزشتہ روز سینٹ کی خصوصی کمیٹی کو کروائی ہے، قومی جرگہ کے ارکان نے خصوصی دعوت پر اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس کنونیئر بیرسٹر سیف کی صدارت میں پارلیمنٹ ہائوس میں ہوا، قومی امن جرگہ نے شمالی وزیرستان ایجنسی کے حالات کو معمول پر لانے کیلئے اپنی تجاویز سے آگاہ کیا۔ ان کیمرہ اجلاس میں علاقے کی صورتحال کے بارے میں آگاہ کیا اور اپنی آراء کمیٹی کے سامنے پیش کیں۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بیرسٹر سیف نے کہاکہ وزیرستان سے قومی امن جرگہ نے ہماری خصوصی دعوت پر اجلاس میں شرکت کی۔ قومی جرگہ کے رہنما سمیع اللہ داوڑ نے کہاکہ ہم نے قیام امن کیلئے کردار ادا کرنے کی پیشکش کی ہے ، ہمیں کردارادا کرنا چاہیے اور ہم کردارادا کریں گے۔ صورتحال کو گھمبیر نہیںہونے دیں گے۔ سینیٹ کی خصوصی کمیٹی جرگہ سے قریبی رابطے میں رہے گی اور تجاویز پر مشاورت کا سلسلہ جاری رہے گا۔ بیرسٹر سیف نے بتایا کہ آئندہ بھی اس حوالے سے اجلاس ہوں گے۔

ای پیپر-دی نیشن