• news

امریکی ناظم الامور سے ملاقات، وزیراعظم عمران کے دورہ امریکہ سے تعلقات مضبوط ہوں گے: شاہ محمود

اسلام آباد (این این آئی) پاکستان میں امریکی سفارتخانہ کے ناظم الامور پال جونز نے وزارت خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی جس میں وزیر اعظم عمران خان کے متوقع دورہ امریکہ، پاک امریکہ تعلقات، افغان امن عمل سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے دورہ امریکہ سے دونوں ممالک کے مابین دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم ہونگے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان افغان امن عمل میں مشترکہ زمہ داری کے تحت اپنا مصالحانہ کردار ادا کرتا رہے گا ملاقات میں فریقین نے افغان امن عمل پر تعاون جاری رکھنے، دوطرفہ تعلقات کو مستحکم بنانے اور خطے میں مشترکہ مقاصد کی تکمیل کے لیے باہمی تعاون کے تسلسل پر اتفاق کیا گیا۔ دریں اثناء امور خارجہ کی مشاورتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان ، خطے میں امن و استحکام کا حامی ہے اسی نقطہ نظر کے تحت پاکستان ،افغان امن عمل میں اپنا مصالحانہ کردار پورے خلوص نیت سے نبھا رہا ہے اور پاکستان کی ان کاوشوں کو پذیرائی بھی مل رہی ہے۔ پاکستان کو درپیش معاشی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے معاشی سفارتکاری کو بروئے کار لا کر بیرونی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے حوالے سے بھی مشاورت کی گئی۔

ای پیپر-دی نیشن