پاکستان اور امریکہ کے درمیان عوامی رابطوں میں اضافہ بھی ضروری ہے ، امریکی سفیر
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت)پی یو اے این کی سالانہ کانفرنس سے امریکی سفیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کی ریاستوں اور حکومتوں کے ساتھ ساتھ عوامی رابطوں میں اضافہ ضروری ہے جس سے ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کو یقینی بنایا جاسکتا ہے اور دونوں ممالک کے عوام ایک دوسرے کو بہتر طور پر سمجھ سکیں گے۔ پاکستان میں امریکی سفیر پال جونز نے ہفتہ کو یہاں مقامی ہوٹل میں پاکستان یو ایس ایلومنائی نیٹ ورک (پی یو اے این) کی سالانہ کانفرنس 2019ء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کانفرنس میں پاکستان اور افغانستان سے وفود کی بھرپور شرکت قابل فخر ہے جس سے شرکاء کو ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ میں مدد ملے گی۔ امریکی سفیر نے کہا کہ امریکہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے مختلف شعبوں میں تربیت کی فراہمی کا کام کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال کانفرنس کا موضوع ’’ عزم عالی شان‘‘ منتخب کیا گیا ہے جو پاکستان کے قومی ترانے کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی تقریبات کے انعقاد سے ثقافتی غلط فہمیوں کو کم کرنے میں مدد ملے گی اور دونوں ممالک کے عوام ایک دوسرے کی ثقافت سے استفادہ کرسکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کانفرنس کے انعقاد سے باہمی رابطوں ، کمیونٹیز کے دوطرفہ تعلقات ، دونوں ممالک کی حکومتوں اور عوام کے دوطرفہ رابطوں سمیت مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کے فروغ میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیاء کے خطے میں ترقی اور خوشحالی و امن وامان کے قیام کے لئے پاکستان کا کردار قابل ستائش ہے۔