مسلم لیگ ن تصادم چاہتی، سیاسی مقاصد کیلئے تاجروں کی پشت پناہی کر رہی ہے: صمصام بخاری
لاہور(نیوزرپورٹر) صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت سید صمصام علی بخاری نے کہا ہے کہ ن لیگ ہر قیمت پر سیاسی تصادم چاہتی ہے ۔ تانے بانے ملنے شروع ہو گئے،سازشیں سامنے آ رہی ہیں۔ شریف فیملی اپنے بچھائے ہوئے جال میں خود ہی پھنس رہی ہے ۔کڑیوں سے کڑیاں مل رہی ہیں، کئی چہرے بے نقاب ہوں گے۔ اپنے ایک بیان میں صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ مریم بی بی خود ہی مدعی اور خود ہی منصف بننا چاہتی ہیں۔ الزامات لگانے والوں کو سچ سننے کا حوصلہ بھی رکھنا چاہیے۔ انہوںنے کہا کہ ہر معاملے میں حکومت کو شامل کرنا ن لیگ کاطے شدہ منصوبہ ہے۔ سید صمصما م بخاری نے کہا کہ ن لیگ سیاسی مقاصد کیلئے تاجروں کی پشت پناہی کر رہی ہے۔ حکومت نے تا جر برادری سے پہلے بھی مذاکرات کیے،ا ب بھی تیار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت کی بہتری کیلئے سخت فیصلے کرنا ضروری تھے، کیونکہ ملک و قوم کو قرضوں کے گرداب سے ہمیشہ کیلئے نکالنے کا وقت آگیا ہے۔ قوم کو ابھی نہیں تو کبھی نہیں کے اصول پر اب آگے بڑھنا ہو گا۔ وزیر اعظم عمران خان ملک کو استحکام کی راہ پر گامزن کرنا چاہتے ہیں۔