نیب کا مریم نواز کی ضمانت منسوخ کیلئے نئی درخواست دائر کرنے پر غور
لاہور(ایف ایچ شہزاد سے) نیب ایون فیلڈ ریفرنس میں مریم نواز کو اسلام آباد ہائی کورٹ کی طرف سے دی گئی ضمانت کینسل کروانے کیلئے نئی گرائونڈز کی بنیاد پر درخواست دائر کرنے پر غور کر رہا ہے۔ذمہ دار زرائع کے مطابق نیب کے قانونی مشیروں کی طرف چئیرمین نیب کو مجوزہ درخواست کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ مریم نواز کو فاضل عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس میں ضمانت دی جس میں وہ سزا یا فتہ ہیں۔احتساب عدالت کے فیصلے کے خلاف اپیل عدالت عالیہ میں زیر سماعت ہے۔مریم نواز ضمانت کو مس یوز(غلط استعمال) کر رہی ہیں۔فاضل عدالت نے مروجہ قوانین میں خاتون ملزم ہونے اور دیگر عوامل کی بنیاد پر جو قانونی رعائت دی۔مریم نواز کی طرف سے اس کا غلط استعمال کیا جا رہا ہے۔مریم نواز کی طرف سے عدلیہ کو سکینڈلائیز کیا جا رہا ہے۔انہوں نے مبینہ ویڈیو کے بارے میں پریس کانفرنس کر کے عدلیہ کی ساکھ کو متاثر کرنے کی کوشش کی اور اسی بنیاد پر العزیزیہ ریفرنس میں سزا یافتہ میاں نواز شریف کی رہائی کا مطالبہ کیا۔ان کی طرف سے مزید ویڈیو جاری کرنے کی بھی دھمکیاں دی گئیں۔قانونی مشیروں کے مطابق اس طرح کی ویڈیو بنانے والوں کے ساتھ اس کو پھیلانے والے بھی برابر کے ذمہ دار ہیں۔عدالتوں کے بارے میں پروپیگنڈہ کرنے والا سزا یافتہ شخص اس طرح کی قانونی رعائت کا مستحق نہیں ہوتا۔ نیب کے قانونی مشیروں کا کہنا تھا کہ ان نکات کی بنیاد پر عدالت سے مریم نواز کی ضمانت کینسل کرنے کی استدعا کی جائے۔زرائع کے مطابق لیگل ٹیم کو نئی گرائونڈز پرکینسلیشن فار بیل(ضمانت کی منسوخی) کی درخواست تیار کرنے کیلئے اجازت مل گئی ہے۔