دہلیز پر سہولت کی فراہمی کا مشن ہے: عثمان بزدار
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے گریٹر اقبال پارک میں پنجاب کے 36 اضلاع کیلئے موبائل پولیس خدمت مراکزکے پروگرام کا افتتاح کر دیا۔ وزیراعلیٰ نے گریٹر اقبال پارک میں پولیس خدمت مرکز کا بھی افتتاح کیا۔ وزیراعلیٰ نے خدمت مراکز کے ذریعے شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہیں 14سروسز کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ عثمان بزدار نے کہا کہ خدمت مراکز میں آنے والے شہریوں کو دستاویزات کے حوالے سے بار بار چکرلگانے کی زحمت نہ دی جائے۔ اشٹام پیپرز کی فراہمی خدمت مراکز پر ہونی چاہیے اور اس کیلئے بنک آف پنجاب کے کاؤنٹر خدمت مراکز میں قائم کیے جائیں۔ شہریوں کو ان کی دہلیز پر خدمات کی فراہمی تحریک انصاف کی حکومت کا مشن ہے۔ پولیس خدمت مراکز کے ذریعے شہریوں کو سفر کی زحمت سے نجات ملی ہے۔ ڈرائیونگ لائسنس اوردیگر خدمات کی فراہمی احسن اقدام ہے۔ افتتاحی تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا 36 موبائل خدمت مرکز کا پراجیکٹ شروع کرتے ہوئے بے حد اطمینان محسوس کررہاہوں۔ کیونکہ اب دور دراز اور دشوار گزار دیہات میں بسنے والے شہریوں کو پولیس سے متعلق خدمات ایک ہی جگہ پر بلکہ ان کی دہلیز پر میسر ہوں گی۔ ہم نے عوام کی خدمت کے ایک اور وعدے کی تکمیل کی طرف قدم بڑھا دیا ہے اور پولیس خدمت مراکز کے قیام کا دائرہ کار بہت جلد تحصیل کی سطح پر بڑھا دیا جائے گا۔ پولیس خدمت مرکز میں نیشنل ایکشن پلان کے تحت کرایہ داروں کی رجسٹریشن کا نظام بھی کامیابی سے چلایا جا رہا ہے۔ جس کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ ہم پنجاب کے کروڑوں عوام کیلئے آسانیاں پیدا کرنے کی ابتدا کر رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے وزیراعظم ہاؤسنگ سکیم میں پنجاب پولیس کے شہداء کے اہل خانہ کیلئے الگ کوٹہ مختص کرنے کا اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ نے 2008ء سے پنجاب پولیس کے منجمد ایف ڈی الاؤنسز بڑھانے کے دیرینہ مطالبے کی منظوری کا بھی اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہم اگرچہ مشکل معاشی حالات سے گزر رہے ہیں، لیکن اس کے باوجو دمیں یقین دلاتا ہوں کہ پنجاب پولیس کو ممکنہ حد تک درکار وسائل فراہم کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کی ملازمت محض نوکری نہیں اور پولیس یونیفارم محض وردی نہیں بلکہ نشان امتیاز ہے اور یہ اس امر کی دلیل ہے کہ آپ کو اللہ تعالی ٰ نے کروڑوں عوام کی خدمت اور حفاظت کیلئے منتخب کیا ہے۔ عوام کے جان و مال کی حفاظت کی فضیلت قرآن و سنت میں بھی بیان کی گئی ہے۔ اس منصب کی حرمت کا تقاضا یہ ہے کہ آپ کے عہدے کی وجہ سے کسی سے کوئی زیادتی نہ ہو بلکہ آپ ظلم کرنیوالوں کے ہاتھ روکیں اور مظلوم کی اشک شوئی کریں۔