ہم کسی سے نہیں ڈرتے،القاعدہ کی دھمکی پر بھارت کا رد عمل
نئی دہلی(این این آئی)بھارتی فوج اور حکومت کو نشانہ بنانے اور کشمیر پر اپنی توجہ مرکوز کرنے کے حوالے سے دہشت گرد تنظیم القاعدہ کے سربراہ کے حالیہ بیان پر بھارتی حکومت نے کہا ہے ایسی دھمکیوں کو سنجیدہ نہیں لیا جاتا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق القاعدہ کے سربراہ ایمن الظواہری کی دھمکی کے بارے میں ذرائع ابلاغ کی طرف سے پوچھے گئے سوال پر بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے کہاکہ مجھے نہیں لگتا کہ ہمیں ایسی دھمکیوں کو اتنا سنجیدگی سے لینا چاہیے۔ اس طرح کی دھمکیاں ہم سنتے رہتے ہیں۔ ایسا پہلی بار نہیں ہوا ہے۔ پہلے بھی ایسی دھمکیاں دی جاتی رہی ہیں کہ ہم یہ کر دیں گے، ہم وہ کردیں گے۔انہوں نے کہاکہ فوج ملک کی سالمیت اور خود مختاری کی حفاظت کرنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہے اور ہمیشہ تیار ہے۔ رویش کمار کا کہنا تھاکہ یہ بات سب کو معلوم ہے کہ ہماری سکیورٹی فورسز قابل اور باصلاحیت ہیں اور وہ ہتھیاروں اور ساز و سامان سے اتنی لیس ہیں کہ اس طرح کی دھمکیوں سے گھبرانے والی نہیں ہیں۔ وہ ہمارے جان و مال کا تحفظ، ملکی سلامتی اور خود مختاری کی حفاظت کرنے کا پورا دم خم رکھتی ہیں۔ جب وزارت خارجہ کے ترجمان سے پوچھا گیا کہ کیا ظواہری پاکستان میں ہیں، تو انہوں نے اس کا جواب دینے سے گریز کیا۔