کراچی اور لاہور ایئر پورٹس پر مسافر کے ساتھ ایک وزیٹر کو جانے کی اجازت
کراچی(صباح نیوز) جناح ٹرمنیل کراچی اورعلامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور پر حج آپریشن کے دوران غیرمعمولی رش کے باعث مسافروں کو چھوڑنے اور لینے کیلئے آنے والوں کی تعداد میں کمی کا فیصلہ کر لیا گیا۔اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ آنے اور جانے والے مسافروں کو ایک مسافر پر ایک وزیٹر کو اجازت ہوگی۔ ایئر پورٹ کی حدود میں ایک سے زائد وزیٹر کا داخلہ ممنوع ہوگا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور ایئرپورٹ پر عازمین حج کو الوداع کہنے کیلئے لوگوں کی بڑی تعداد پہنچتی ہے جس کے باعث سیکیورٹی مسائل پیدا ہورہے ہیں۔ایک وزیٹرکی پابندی پر عملدرآمد کل سے شروع ہوجائے گا، اے ایس ایف ایئرپورٹ کے انٹری پوائنٹ پر ہی ایک سے زائد وزیٹرز کو داخلے کی اجازت نہیں دے گی۔علاوہ ازیں کراچی ایئرپورٹ منیجر نے ایایس ایف کو خط ارسال کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ کراچی ایئرپورٹ پرحج آپریشن سے رش میں غیرمعمولی اضافہ ہورہا ہے۔وفاق کی جانب سے ایک سے زائد وزیٹرکی پابندی پرعملدرآمد یقینی بنایا جائے، کراچی ایئرپورٹ پر ایک سے زائد وزیٹر کو آنے کی اجازت نہیں ہے۔ذرائع ایئرپورٹ کا کہنا ہے کہ داخلی راستے پر ہی اے ایس ایف موجود ہوگی، وزیٹر کو شناختی کارڈ کی چیکنگ کے بعد اندر جانے کی اجازت ہوگی۔