• news

حافظ سعید کیخلاف مقدمات ختم کرنے کی درخواست : وفاقی، صوبائی حکومت کو نوٹس

لاہور (اپنے نامہ نگار سے) لاہور ہائی کورٹ نے کالعدم جماعت الدعوۃ کے سربراہ حافظ سعید پر درج مقدمات کے خاتمے سے متعلق درخواست پر وفاقی و صوبائی حکومت اور محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 2 ہفتوں میں جواب طلب کرلیا ہے. عدالت عالیہ میں جسٹس شہرام سرور اور جسٹس وحید خان پر مشتمل بینچ نے حافظ سعید اور دیگر 7 افراد کی درخواست پر سماعت کی، جس میں وفاقی حکومت، پنجاب حکومت اور ریجنل ہیڈکوارٹر سی ٹی ڈی کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست گزاروں کی طرف سے اے کے ڈوگر ایڈووکیٹ پیش ہوئے اور دلائل دیے، تاہم عدالت میں وفاقی حکومت کی طرف سے پیش وکیل نے درخواستوں کے قابل سماعت ہونے پر اعتراض کیا۔ سرکاری وکیل نے کہا کہ یہ درخواست ناقابل سماعت ہے جس پر درخواست گزار کے وکیل نے موقف اپنایا کہ ان کے موکل پر بے بنیاد الزامات لگائے گئے ہیں‘بعد ازاں عدالت نے حافظ سعید کی درخواست پر وفاقی و صوبائی حکومت اور سی ٹی ڈی کو نوٹس جاری کردیا اور مذکورہ کیس کی سماعت 30 جولائی تک ملتوی کردی۔

ای پیپر-دی نیشن