ڈالر 1.07‘ سونا ہزار روپے تولہ مہنگا‘ سٹاک مارکیٹ میں مندا‘ ایک کھرب 15 ارب سے زائد ڈوب گئے
لاہور+کراچی (کامرس رپورٹر) کاروباری ہفتے کے پہلے روز (پیر کو) روپے کی قدر میں کمی کا سلسلہ جاری رہا اور انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر ایک روپے سات پیسے جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر ایک روپیہ مہنگا ہو گیا ہے۔ کاروباری ہفتے کے پہلے روز انٹر بینک میں کاروبار کے آغاز سے ہی روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں اضافہ دیکھنے میں آیا اور مارکیٹ میں ڈالر 160 روپے کا بھی فروخت ہوا تاہم سٹیٹ بینک کے مطابق انٹر بینک مارکیٹ میں کاروبار کے اختتام پر ڈالر کی قدر ایک روپے 7 پیسے کے اضافے سے 159 روپے 86 پیسے رہی۔ انٹر بینک میں یورو 1 روپے 46 پیسے مہنگا ہو کر 180 روپے 21 پیسے اور برطانوی پاونڈ ایک روپے 76 پیسے مہنگا ہو کر 200 روپے 70 پیسے کا ہو گیاہے۔ عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں اضافے اور روپے کی بے قدری نے سونے کی قیمت بھی ملکی تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچا دی۔ پاکستان میں ایک تولہ سونا ایک ہزار روپے کے اضافے سے 82 ہزار 600 روپے کا ہو گیا جو ملکی تاریخ کی نئی بلند ترین سطح ہے۔ انڈکس چینج کمپنیز ایسوسی ایشن کے مطابق اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت فروخت ایک روپے اضافے سے 160 روپے پچاس پیسے ہو گئی۔ دریں اثناء پاکستان سٹاک ایکس چینج میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز پیر کو کاروبار حصص میں اتارچڑھائو کے بعد زبردست مندا رہا اور کے ایس ای 100انڈیکس 33600، 33500، 33400، 33300، 33200، 33100 اور 33000کی نفسیاتی حدوں سے گرگیا، مندی کے نتیجے میں سرمایہ کاروں کے 1کھرب 15ارب 6کروڑ روپے سے زائد ڈوب گئے، کاروباری حجم گذشتہ روز کی نسبت 24.64فیصد زائد جبکہ 86.60فیصد حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔ ملکی کرنسی مارکیٹوں میں امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی بے قدری، وفاقی بجٹ 2019-20 میں ٹریڈرز کے تحفظات ،فروخت کے دبائو اور پرافٹ ٹیکنگ کے باعث مقامی سرمایہ کار تذبذب کا شکار نظرآئے اور سرمایہ کاری سے گریزکیا، جس کے نتیجے میں کاروبار کا آغاز منفی زون میں ہوا، ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر کے ایس ای 100انڈیکس 32895پوائنٹس کی نچلی سطح پر بھی دیکھا تاہم غیرملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے مارکیٹ میں نچلی سطح پر آئی ہوئی قیمتوں پر خریداری کے باعث مارکیٹ میں ریکوری آئی جس کے نتیجے میںکے ایس ای 100انڈیکس کی 32900 کی حد بحال ہوگئی تاہم اتار چڑھائو کا سلسلہ سارا دن جاری رہا۔