• news

اندرون ملک فضائی کرایوں میں 20 ہزار روپے تک کمی کردی گئی

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ)فضائی سفر کرنے والوں کیلئے خوشخبری، اندرون ملک فضائی سفر کے کرایوں میں 20 ہزار روپے تک کمی ہوگئی۔کراچی سے اسلام آباد اور لاہور کا دوطرفہ کرایہ 35 سے 40 ہزار روپے کا ہوگیا، کرائے میں کمی کی وجہ ڈومیسٹک آپریشن میں نجی ائیرلائن کے دو نئے طیاروں کی شمولیت بتائی گئی ہے۔ٹریول ایجنٹس یحییٰ پولانی کے مطابق کراچی سے اسلام آباد اور لاہور کا دوطرفہ ٹکٹ جو کافی عرصہ سے 50 سے 60 ہزار روپے کا مل رہا تھا اب کم ہو کر 35 سے 40 ہزار روپے کا ہوگیا ہے جبکہ ان میں مزید کمی کا امکان بھی ہے۔ایوی ایشن ذرائع کا بتانا ہے کہ ملک کی سب سے بڑی نجی ائیرلائن شاہین ائیر کے بند ہونے اور نجی ائیرلائن ائیربلیو کی جانب سے ڈومیسٹک آپریشن کم کردینے کی وجہ سے اندرون ملک پروازوں کی تعداد بہت کم رہ گئی تھی جب کہ ڈیمانڈ اینڈ سپلائی کے اصول کے تحت اندرون ملک فضائی کرایوں میں اس قدر اضافہ ہوگیا تھا کہ کراچی سے اسلام آباد اور لاہور کے کرائے یورپ کے شہروں سے بڑھ گئے تھے۔

ای پیپر-دی نیشن