لاہور کو پیرس بنانے کے دعویداروں نے پانی کے نکاس کا منصوبہ بھی نہیں بنایا: عثمان بزدار
لاہور (نیوز رپورٹر+نمائندہ خصوصی)وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے موسلادھاربارش کے دوران لاہور کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اورخود گاڑی ڈرائیو کی۔ شملہ پہاڑی، بوہڑ والا چوک، مال روڈ، منٹگمری روڈ، لکشمی چوک، جی پی او چوک اور دیگر علاقوں میں شدید بارش کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کا جا ئزہ لیا۔ وزیراعلیٰ نے بارش کے پانی میں پھنسی خواتین اوربچوں کو اپنی گاڑی میںبٹھایا اورانہیں ان کے متعلقہ مقام پر پہنچایا۔ دورے کے دوران وزیراعلیٰ نکاسی آب کیلئے انتظامات کا جائزہ لیااورشہریوں سے نکاسی آب کیلئے کیے جانے والے انتظامات کے بارے میں پوچھا۔شہریوں نے سڑکوں پرپانی کھڑا ہونے کی شکایات کی جس پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ میں عوام کی مشکلات کا خود جائزہ لینے نکلا ہوں اورانشاء اللہ انتظامیہ اورواسا حکام نکاسی آب کے کام کو جلد مکمل کریں گے ۔وزیراعلیٰ نے انتظامی افسروں اورواسا حکام کوہدایت کی کہ جتنی جلدی ممکن ہوسکے نکاسی آب کا کام مکمل کیا جائے۔تمام تر وسائل اورمشینری بروئے کار لائی جائے ۔ لاہور کو پیرس بنانے کا دعوی کرنے والوں نے پانی کے نکاس کا کوئی منصوبہ نہیں بنایا۔شہر میں سفید ہاتھی نما منصوبہ بنانے والوں نے نکاسی آب کا بنیادی انتظام نہیں کیا۔ شہریوںکی مشکلات کا جلد ازالہ کیا جائے گا۔میںعوام سے ہوں اورعوام کی مشکلات کے جلد ا زالے کیلئے انتظامیہ کو متحرک کردیاہے ۔وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدارشہر کے مختلف علاقوں کے دورے کے بعدپنجاب سیف سٹی اتھارٹی کے دفتر پہنچ گئے ۔ سیف سٹی اتھارٹی کے کیمروںکے ذریعے شہر میں شدید بارش سے پیدا ہونیوالی صورتحال کا جائزہ لیا۔وزیراعلیٰ نے سڑکوں پر ٹریفک کی روانی کا بھی مشاہدہ کیا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ شدید بارش سے شہریوں کیلئے پیدا ہونے والی تکلیف کو خود محسوس کیا ہے اورہمارے دکھ سکھ سانجھے ہیں ۔علاوہ ازیں ایک بیان میں عثمان بزدار نے کہا ہے کہ سرکاری خزانے کو بے دردی سے لوٹنے والے ملک و قوم کے دشمن ہیں۔ ’’امین‘‘ ہونے کے جھوٹے دعویداروں کے چہرے 22 کروڑ عوام کے سامنے بے نقاب ہو چکے ہیں۔ قومی وسائل میں خیانت کرنے والوں کو پائی پائی کا حساب دینا ہوگا۔ گزشتہ حکومتوں نے ریکارڈ کرپشن کرکے پاکستان کو معاشی طور پر مفلوج کیا۔ سابق حکمرانوں کی کرپشن کے سیکنڈل ہر روز منظر عام پر آ رہے ہیں۔ کرپٹ عناصر نے پاکستان کے ساتھ جو ظلم اور زیادتی کی وہ ناقابل معافی ہے۔ پاکستان کی تاریخ کا پہلا موقع ہے کہ کرپٹ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی ہو رہی ہے۔اپوزیشن کا اتحاد اور واویلا سرکاری خزانے سے ذاتی تجوریاں بھرنے والوں کو نہیں بچا پائے گا۔ سابق حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے معاشی بگاڑ پیدا ہوا۔گزشتہ ادوار کی خرابیوں کو دور کرنے کیلئے جنگی بنیادوں پر کام کر رہے ہیں۔ماضی میںمنصوبوں کے نام پر کرپشن کا بازار گرم کیا گیا۔غریب عوام کے لوٹے گئے وسائل کا حساب پوری قوم مانگ رہی ہے۔جن لوگوں نے سیاست کی آڑ میں لوٹ مار کی، ان کا یوم حساب آن پہنچا ہے ۔سردار عثمان بزدار نے لاہور سمیت دیگر شہروں میں ہونے والی بارش کے باعث نشیبی علاقوں سے نکاسی آب کیلئے مؤثر اقدامات کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ بارش کے پانی کی نکاسی کیلئے انتظامیہ، واسا اور متعلقہ ادارے متحرک انداز میں کام کریں اور نشیبی علاقوں سے پانی کا نکاس جلد سے جلد یقینی بنایا جائے۔ عالمی یوم انصاف کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا ہے کہ کسی بھی ریاست کی بنیاد انصاف پر ہوتی ہے۔ انصاف کرنے والی قومیں ہی اقوام عالم میں اپنا مقام بناتی ہیں اور جہاں انصاف نہیں ہوتا، وہ معاشرے تباہ ہو جاتے ہیں۔ عثمان بزدار نے شاعر و نغمہ نگار حمایت علی شاعر کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔